انسٹاگرام پر ہر کسی کو اپنا اے آئی چیٹ بوٹ بنانے کا آپشن دیے جانے کا امکان

انسٹاگرام پر ہر کسی کو اپنا اے آئی چیٹ بوٹ بنانے کا آپشن دیے جانے کا امکان


سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر ہر صارف کو اپنا خود کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ بنانے کا آپشن دیے جانے کا امکان ہے۔

انسٹاگرام پر ہر کسی کو اپنا اے آئی چیٹ بوٹ بنانے کا آپشن دینے سے متعلق سب سے پہلے اپریل 2024 میں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بتایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام کے ماہرین ایک ایسا اے آئی فیچر بنانے میں مصروف ہیں، جس کے تحت ہر انسٹاگرام اکاؤنٹ ہولڈر کو اپنے اکاؤنٹ میں اے آئی چیٹ بوٹ یا اے آئی اسسٹنٹ بنانے کا آپشن دیا جائے گا۔

مذکورہ فیچر کے تحت ہر انسٹاگرام اکاؤنٹ ہولڈر اپنے ہی اکاؤنٹ میں ایک اپنا اے آئی چیٹ بوٹ بنا سکے گا جو کہ دوسرے افراد کو چیٹ کے دوران معلومات فراہم کر سکے گا۔

اسی طرح ہر اکاؤنٹ ہولڈر اپنے اکاؤنٹ پر اے آئی اسسٹنٹ کا فیچر بھی استعمال کر سکے گا جو کہ پوسٹس پر ہونے والے کمنٹس کے جوابات دینے سمیت ان کمنٹس پر نظر بھی رکھے گا۔

ممکنہ طور پر مذکورہ آپشنز بہت زیادہ فالوورز رکھنے والے اکاؤنٹس ہولڈرز کو دیا جائے گا اور ان فیچرز کو مواد تخلیق کاروں کے لیے بہتر قرار دیا جا رہا ہے۔

مذکورہ اے آئی فیچرز سے معروف شخصیات کے اکاؤنٹس پر اے آئی چیٹ بوٹ ان کےمداحوں کے میسیجز کے جوابات بھی دیں گے جب کہ وہ ان کی پوسٹس پر ہونے والے کمنٹس پر بھی نظر رکھ سکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق اب بعض ماہرین نے مذکورہ آپشن تک رسائی حاصل کرلی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ تاحال مذکورہ فیچر ابتدائی مراحل میں ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر مذکورہ فیچرز تک انتہائی محدود صارفین کو رسائی دی جائے گی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر ان کی آزمائش کرکے انہیں متعارف کرایا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں