معروف اداکار، ہدایت کار و ٹی وی میزبان اظفر علی کا کہنا ہے کہ ان کی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں تو انڈسٹری والوں نے انہیں کام دینا بند کردیا جب کہ بعض افراد نے ان کی ذہنی صحت پر بھی سوال اٹھائے۔
اظفر علی نے پہلی شادی اداکارہ سلمیٰ حسن سے کی تھی اور ان کے درمیان 2012 میں طلاق ہوگئی تھی، انہیں ایک بیٹی فاطمہ بھی ہے۔
پہلی شادی طلاق پر ختم ہونے کے بعد اظفر علی نے اداکارہ نوین وقار سے شادی کی تھی لیکن ان کی دوسری شادی بھی تین سال بعد 2015 میں طلاق پر ختم ہوگئی۔
کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں اداکار نے تیسری شادی کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا لیکن اب ان کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ اپنی دونوں طلاقوں پر بات کرتے دکھائی دیے۔
وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں اظفر علی کا کہنا تھا کہ طلاق کے باوجود آج تک ان کی پہلی اہلیہ سلمیٰ حسن سے دوستی اور تعلقات ختم نہیں ہوئے۔
ان کے مطابق طلاق کے باوجود انہوں نے پہلی بیوی اور بیٹی سے اچھے تعلقات رکھے اور بیٹی کے سامنے کبھی ان کی والدہ کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔
انہوں نے بتایا کہ بہت سارے لوگوں نے ان کی بیٹی کو ان کے خلاف باتیں بتائیں لیکن انہوں نے بیٹی فاطمہ کو اچھا والد بن کر دکھایا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اسی طرح ان کے تعلقات دوسری بیوی سے بھی اچھے رہے اور ان کی پہلی دونوں بیویوں کی جانب سے بھی طلاقیں ہونے کی اصل وجوہات پر موقف آنا چاہیے۔
اظفر علی نے کہا کہ حیران کن طور جب ان کی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں تو انڈسٹری والوں نے انہیں کام دینا اور ان کے ساتھ کام کرنا بند کردیا۔
اداکار نے بتایا کہ جب ان کی طلاقیں ہوئیں تو مارننگ شو کی میزبان ان کی نجی زندگی پر طنز کرتی رہیں اور کہتی رہیں کہ اچھا ہوا کہ اظفر کو دوسری بیوی بھی چھوڑ گئیں۔
انہوں نے مارننگ شو میزبان کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ الگ بات ہے کہ میزبان کے شوہر کے چکر چار چار جگہ چل رہے ہوں گے۔
اظفر علی نے یہ شکایت بھی کی کہ دوسری طلاق ہونے کےبعد ان کی ذہنی صحت پر بھی سوالات اٹھائے گئے اور کہا گیا کہ اداکار دماغی طور پر ٹھیک نہیں، اس لیے ان کے ساتھ کام نہ کریں۔