عمران خان کو جیل میں فراہم کی جانی والی سہولیات کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل مینیوئل سے ہٹ کر اضافی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، کیا جیل مینیوئل کے مطابق کسی قیدی کو ایکسرسائیز مشین، واک کے لیے گیلری فراہم کی جاتی ہے؟
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو عمران خان کو سہولیات دی جا رہی ہیں کیا وہ جیل مینیوئل کے مطابق ہیں؟ اڈیالا جیل ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ماتحت ہے، وزیر اعلٰی پنجاب کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق ہوم ڈیپارٹمنٹ سے پوچھنا چاہیے، جیل مینیوئل کے مطابق بی کلاس میں یہ سہولیات تو نہیں ہوتی جو عمران خان کو فراہم کی جا رہی ہیں، سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔
واضح رہے کہ 6 جون کو وفاقی حکومت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے جیل میں کمرے کی تصاویر سپریم کورٹ میں پیش کردی تھیں۔
وفاقی حکومت کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں وکلا رسائی نہ دینے کا مؤقف اپنایا، عمران خان کا قید تنہائی میں ہونے کا مؤقف بھی غلط ہے، عدالت مناسب سمجھے تو عمران خان کے بیان اور حقیقت کو جانچنے کے لیے کمیشن بھی مقرر کر سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم کو جیل میں کتابیں، ایئر کولر، ٹی وی اور روزانہ کی بنیاد پر ورزش کرنے کے لیے مشینری اور جگہ سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔