’نہیں آنا بھائی ٹیم میں، میرا دم گھٹتا تھا وہاں‘، احمد شہزاد دورانِ شو آبدیدہ ہوگئے

’نہیں آنا بھائی ٹیم میں، میرا دم گھٹتا تھا وہاں‘، احمد شہزاد دورانِ شو آبدیدہ ہوگئے


پاکستانی معروف کرکٹر احمد شہزاد قومی کرکٹ ٹیم میں دوستیوں کے کلچر اور یکے بعد دیگرے ناکامیوں پر پھٹ پڑے، ماضی یاد کرتے ہوئے شو کے دوران آبدیدہ ہو گئے۔

گزشتہ روز جیو نیوز کی آئی سی سی ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی 2024 کے سلسلے میں منعقد کی گئی خصوصی ٹرانسمیشن ’ہارنا منع ہے‘ میں شو کے میزبان تابش ہاشمی کے ہمراہ معروف کرکٹرز، امام الحق، احمد شہزاد اور عمران نذیر نے  بطور تجزیہ نگار شرکت کی۔

شو کے آغاز ہی میں تابش ہاشمی نے احمد شہزاد سے سوال پوچھ ڈالا کہ ٹیم کی ناکامیوں کا ذمہ دار کون ہے؟

اس سوال کے جواب میں احمد شہزاد جذباتی ہوگئے، انہوں نے ٹیم کو حاصل ہونے والی پے در پے ناکامیوں کی گنتی اور ان پر کھل کر بات کی۔

احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ مجھے اب اس نئی ٹیم میں نہیں آنا ہے، میں ٹیم میں خود کو پھنسا ہوا محسوس کرتا تھا اور اسی لیے ٹیم چھوڑ کر یہاں آیا ہوں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ کسی کا دل نہیں کرتا کہ اپنا کریئر چھوڑے، میرے سات سال ابھی باقی تھے مگر میرا وہاں ایک منٹ دل نہیں لگ رہا تھا۔

احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ اب آپ کی کرکٹ مر چکی ہے، اس اسٹیج سے کرکٹ کو اٹھانا کسی بہت بڑے معجزے کا کام ہے، حقیقت یہ ہے کہ آپ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کچھ نہیں رکھا ہے۔

معروف کھلاڑی کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ جو باتیں میں کر رہا ہوں اُس کے بعد میں شاید کبھی پاکستان ٹیم میں کھیل نہ سکوں، لیکن اب مجھ سے برداشت نہیں ہو رہا ہے اور نہ ہی میں اب اور برداشت کر سکتا ہوں۔


اپنا تبصرہ لکھیں