پنجاب کے ضلع میانوالی میں ذاتی رنجش پر مخالفین نے وین پر فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل جبکہ 6 کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔
ترجمان میانوالی پولیس نے بتایا کہ تہرے قتل کی واردات تھانہ عیسیٰ خیل کی حدود میں ہوئی۔
پولیس کے مطابق تصادم مندہ خیل کے رہائشی نازلی خیل اور کلو برادری کے درمیان ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔
ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) میانوالی مطیع اللہ خان اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دیں۔