پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ و ماڈل زینب جمیل نے انکشاف کیا ہے کہ دوسری اہلیہ کے اکسانے پر شوہر نے مجھ پر قاتلانہ حملہ کروایا ہے، وہ شوہر سے جَلد خلع لینے کی خواہش رکھتی تھیں۔
زینب جمیل مختلف پلیٹ فارمز پر انٹرویوز دے رہی ہیں اور اپنی شادی، سسرالیوں اور شوہر کے منفی رویے سے متعلق انکشافات کر ہی ہیں۔
اسلام کی خاطر شوبز کی دنیا چھوڑنے والی ماڈل زینب جمیل نے اپنے نئے انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ میرے شوہر کی دوسری اہلیہ اُسے مجھ پر تشدد اور زندگی تنگ کرنے پر اکساتی تھیں، وہی میرے شوہر سے مجھ پر پابندیاں لگانے کا بھی کہتی تھی، میری زندگی میرے شوہر کی دوسری اہلیہ نے اجیرن کر رکھی تھی، میں اپنی شادی شدہ زندگی سے تنگ تھی اور جَلد خلع لینے کا سوچ رہی تھی۔
زینب جمیل کا کہنا ہے کہ یہ اُن کے شوہر کی دوسری اہلیہ ہی تھی جو اُن کے شوہر کو تشدد اور سختیاں کرنے پر اکساتی تھی، اُن کے شوہر آئے دن اُنہیں دھمکیاں دیتے تھے، وہ اپنے شوہر کی دھمکیوں کو مذاق سمجھ کر ٹال رہی تھیں، اُن کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اُن کے دو بچوں کا باپ اُنہیں قتل کروانے کی کوشش کرے گا۔
سابقہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ میرے شوہر کی دوسری اہلیہ کا کہنا تھا کہ اگر زینب جمیل انسٹاگرام چلائے گی تو خاندان کی دوسری لڑکیاں بھی انسٹاگرام استعمال کریں گی۔
یاد رہے کہ اداکارہ زینب جمیل تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
زینب جمیل پر گزشتہ ماہ 22 مئی کو لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں اداکارہ کو 6 گولیاں لگی تھیں۔
زینب جمیل پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ دو نامعلوم افراد کے خلاف درج ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی گزشتہ ہفتے زینب جمیل پر حملے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اداکارہ کے قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
اداکارہ پر حملہ کرنے والے ملزمان تاحال گرفتار نہیں کیے جا سکے ہیں۔