ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے نویں میچ میں یوگنڈا نے پاپوا نیو گنی کو 3 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی، یوگنڈا نے 18.2 اوورز میں ہدف حاصل کیا۔
امریکی ریاست روڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس میں کھیلے گئے میچ میں یوگنڈا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاپوا نیو گنی کی ٹیم 19.1 اوورز میں 77 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، اوپننگ بیٹر ٹونی اورا ایک اور اسد والا بغیر کسی رن کے آؤٹ ہوئے۔
حری حری 15، لیگا سیاکا اور کیپلن ڈوریگا 12-12 جبکہ چارلس امینی، نارمن وانوا اور سیسی باؤ نے 5-5 رنز کی اننگ کھیلی۔
یوگنڈا کی اننگ کا آغاز بھی اچھا نہیں ہوا، اوپننگ بیٹر سائمن سیسازی ایک اور روجر مساکا بغیر کسی رن کے آؤٹ ہوئے۔
یوگنڈا کے ریاضت علی شاہ نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 33 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ گروپ سی میں شامل دونوں ٹیمز کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔