پولیس نے سلمان خان سے شادی کی خواہشمند مداح کو حراست میں لے لیا

پولیس نے سلمان خان سے شادی کی خواہشمند مداح کو حراست میں لے لیا


بالی ووڈ کے سلطان، سُپر اسٹار اداکار سلمان خان کی مداح ان سے شادی کرنے کی خاطر پنویل میں واقع ان کے فارم ہاؤس پہنچ گئی، جسے حراست میں لے لیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ لڑکی کا دعویٰ ہے کہ وہ سلمان کو بے انتہا چاہتی ہے اور ان سے شادی کی خواہشمند ہے۔

تاہم سلمان خان اپنے فارم ہاؤس پر موجود نہیں تھے، وہ ان دنوں آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لیے اٹلی میں موجود ہیں۔

یہ لڑکی سُپراسٹار کی ایک جھلک دیکھنے کی امید میں پنویل فارم ہاؤس کے ارد گرد منڈلاتی رہی، اس کی مشکوک حرکتیں دیکھ کر آس پاس کے لوگوں نے مقامی پولیس کو اطلاع دی، جس پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق انہوں نے مذکورہ لڑکی کو کونسلنگ کے لیے ایک این جی او کے حوالے کردیا ہے، جس نے اسے نفسیاتی علاج کے لیے مقامی اسپتال ریفر کیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سلمان خان کو لارنس بشنوئی کے گینگ کی جانب سے جان لیوا دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں اداکار کو ان کی گاڑی میں قتل کرنے کا منصوبہ ممبئی پولیس نے ناکام بنایا ہے۔

پولیس کے مطابق لارنس بشنوئی کے گینگ کے 4 لوگ سلمان خان پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم ممبئی پولیس نے پنویل سے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان چاروں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ لارنس بشنوئی کے گینگ کے بندے ہیں اور انھیں سلمان خان پر اے کے 47 سے حملہ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ دبنگ خان کو مہاراشٹر کے علاقے پنویل میں ان کے فارم ہاؤس کے نزدیک گاڑی میں نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی.

پولیس نے حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ اس سے قبل 14 اپریل کو 2 موٹر سائیکل سواروں نے ممبئی کے علاقے بیندرہ میں سلمان کے گھر پر فائرنگ کی تھی۔

فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا، سلمان خان کو گینگسٹر لارنس بشنوئی نے قتل کرنے کی دھمکی دی ہے، لارنس بشنوئی گینگ کا مطالبہ ہے کہ سلمان خان کالے ہرن کو مارنے پر معافی مانگیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں