اہل افراد کو ووٹ دے کر ہم دیارِغیر میں اپنا مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں: بیلجیئم میں مقررین کا خطاب

اہل افراد کو ووٹ دے کر ہم دیارِغیر میں اپنا مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں: بیلجیئم میں مقررین کا خطاب


بیلجیئم میں ڈیفی پارٹی کے رہنماؤں نے آئندہ انتخابات سے متعلق کہا ہے کہ اہل اور پڑھے لکھے افراد کو ووٹ دے کر ہی ہم دیار غیر میں اپنا مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں۔

بیلجیئم میں 9 جون کو منعقد ہونے والے انتخابات میں ڈیفی Defi پارٹی کی جانب سے پاکستانی نژاد امیدوار ڈاکٹر منظور ظہور اور شازیہ منظور کی حمایت کے لیے جلسہ منعقد کیا گیا۔

اس تقریب میں سیکڑوں خواتین و حضرات پر مشتمل پاکستانی کمیونٹی کے ایک بڑے حصے نے ڈاکٹر منظور کی حمایت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جمہوریت صرف اعداد و شمار کا کھیل نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے اس بات کی شدید ترین ضرورت ہے کہ اسمبلی میں نمائندگی کے لیے جانے والے افراد اہل بھی ہوں ورنہ بڑی پارٹیوں کا ٹکٹ حاصل کرنے کے باوجود لوگ پاکستانی کمیونٹی کا ہماری اہلیت کو لے کر اسی طرح کا مذاق اڑائیں گے جیسے اس وقت مقامی اخبارات میں اڑایا جا رہا ہے۔

مقررین نے کہا کہ جمہوری معاشروں میں جمہوری رویے اپنانے کی بھی ضرورت ہوتی ہے جبکہ پارلیمانی سطح کے کام میں تجربے کا بھی کلیدی کردار ہوتا ہے۔

ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم ایسے فرد کا انتخاب کریں جو ہمارے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ 180 سے زائد کمیونٹیز پر مشتمل میٹرو پولیٹن شہر برسلز کے مسائل کے حل کے لیے بھی وژن رکھتا ہو۔

انہوں نےکہا کہ کہ ڈاکٹر منظور ظہور پہلے بھی برسلز پارلیمنٹ کے رکن رہ چکے ہیں، پیشے کے لحاظ سے وہ ڈاکٹر ہیں، انہیں اندازہ ہے کہ اس ویلفیئر اسٹیٹ میں صحت کو لے کر کس طرح کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے، اسی طرح پارٹیوں کے اندر بھی منتخب ہونے کے باوجود انہی افراد کو اہمیت دی جاتی ہے جو معاشرتی اور سماجی مسائل کا ادراک رکھتے ہوئے ان کے حل بھی تفویض کر سکیں۔

اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے سردار صدیق خان، ای یو پاک بیلجیئم فیڈریشن کے صدر چوہدری زاہد بھدر، اتفاق ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے ندیم ضیاء بٹ اور محمد عباس، چیمہ برادران کی جانب سے تجمل چیمہ، سیاسی راہنما میاں شعیب، راجہ طارق، سید جعفر مہدی، سکھ کمیونٹی کی طرف سے سردار مکھن سنگھ اور معروف سماجی ورکر روبینہ خان نے برسلز ریجن کی پارلیمنٹ کیلئے ڈاکٹر منظور ظہور، شازیہ منظور اور یورپین پارلیمنٹ کیلئے افغان نژاد لیل و ماہ سدید کی حمایت کا اعلان کیا۔

اس جلسہ عام میں Defi پارٹی کے صدر فرانسوا ڈی سمت کے علاوہ پارٹی کی دیگر اعلیٰ قیادت نے بھی شرکت کی اور شرکائے جلسہ کو اپنی پارٹی کے منشور سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے بارے میں مقامی کمیونٹی کے اندر یہ اچھا تاثر موجود ہے کہ ان کی اکثریت انٹرپرونرز پر مشتمل ہے۔

یہ ایک محنتی کمیونٹی ہے۔

ایسی ہر کمیونٹی اپنے سماج سے متعلق اجتماعی مسائل سے غافل نہیں رہ سکتی، ہم سب کو ایک ساتھ مل کر اس ملک کے مسائل کو حل کرنا اور اپنے سماج کو طویل بنیادوں پر تحفظ فراہم کرنا ہے۔

ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ ہمیں اچھے امیدوار دیں جن کے ساتھ مل کر پارٹی اپنا یہ فرض احسن طریقے سے ادا کرے گی۔

اس جلسے میں میزبانی کے فرائض چوہدری عمران ثاقب نے انجام دیے جبکہ رانا افتخار نے نعت رسول پیش کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں