سات عشق کیے، 28 خواتین شادی کی پیش کش کر چکیں، چاہت فتح علی خان

سات عشق کیے، 28 خواتین شادی کی پیش کش کر چکیں، چاہت فتح علی خان


کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شادی سے قبل سات معاشقے کیے لیکن تمام ناکام ہوئے اور اب انہیں 28 خواتین شادی کی پیش کش کر چکی ہیں۔

چاہت فتح علی خان نے حال ہی میں ایک یوٹیوبر کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی اور اسی انٹرویو کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں چاہت فتح علی خان نے ایک سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ شادی سے قبل وہ سات بار معاشقے کر چکے ہیں۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ان کے تمام ساتوں عشق ناکام ہوئے، کیوں کہ اس وقت تک وہ اتنے مقبول نہیں تھے، ان کی محبت کو اہمیت نہیں دی گئی۔

کامیڈین گلوکار نے کہا کہ شادی سے پہلے جن خواتین کے ساتھ انہوں نے سات معاشقے لڑائے اگر ان کے ساتھ ان کا عشق جاری رہتا تو ان میں سے ہی کسی ایک خاتون کے ساتھ وہ شادی کرلیتے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے مذکورہ معاشقے اس وقت چلے جب وہ اتنے مشہور نہیں تھے اور نہ ہی فل ٹائم گلوکاری کرتے تھے۔

ایک اور سوال کے جواب میں چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا کہ مشہور ہونے کے بعد اب تک انہیں 28 لڑکیاں اور خواتین شادی کی پیش کش کر چکی ہیں۔

ان کے مطابق اب تو ان سے سابق معاشقے والی خواتین نے بھی رابطہ کیا جب کہ انہیں شادی کی پیش کش کرنے والی زیادہ تر لڑکیاں گریجوئیٹ اور نوجوان ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں زیادہ تر ٹوئٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شادیوں کی پیش کش ہوئی جب کہ کنسرٹس کے بعد بھی ان سے ملاقات کے دوران انہیں خواتین نے شادی کی پیش کش کی لیکن اب چوں کہ وہ شادی شدہ ہیں، اس لیے انہیں ایسی پیش کش پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔

چاہت فتح علی خان حال ہی میں ریلیز کیے گئے اپنے گانے بدو بدی کی وجہ سے آج کل خبروں میں ہیں، ان کے گانے کو یوٹیوب پر تین کروڑ بار تک دیکھا جا چکا ہے۔

بدو بدی میں چاہت فتح علی خان کے ساتھ ماڈلنگ کرنے والی وجدان راؤ نے ان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے اب دوبارہ ان کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ گلوکار نے انہیں صرف پانچ ہزار روپے دیے۔


اپنا تبصرہ لکھیں