کرن راؤ نے عامر خان کیساتھ پہلی ملاقات کا احوال سنا دیا

کرن راؤ نے عامر خان کیساتھ پہلی ملاقات کا احوال سنا دیا


بھارتی معروف فلم پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر کرن راؤ نے عامر خان سے پہلی ملاقات کا احوال سناتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس جوڑی نے ’ڈیٹنگ‘ کب شروع کی تھی۔

یاد رہے کہ کرن راؤ اور عامر خان کی شادی کے تقریباً 16 سال بعد اس جوڑی میں 2021ء میں علیحدگی ہو گئی تھی۔

حال ہی میں کرن راؤ نے فلم ’لگان‘ کی شوٹنگ کے دوران عامر خان کے ساتھ اپنی ابتدائی ملاقات کے بارے میں بات کی ہے۔

ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں ’سائرس بروچا‘ کے ساتھ گفتگو  کے دوران 50 سالہ کرن راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کا عامر کے ساتھ رومانوی تعلق کیسے شروع ہوا۔

کرن راؤ نے بتایا ہے کہ اُنہیں معروف فلمساز و اسکرین رائٹر ریما کاگتی کی جانب سے ایک کال موصول ہوئی جس میں اُنہیں فلم ’لگان‘ کی شوٹنگ میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔

یہ پہلا موقع تھا جب فلم کی شوٹنگ کے دوران اُن کا اداکار عامر خان کے ساتھ تعارف ہوا۔

کرن راؤ نے انکشاف کیا کہ اُن کا دوسری بار اداکار کے ساتھ رابطہ اس وقت ہوا جب وہ سودیش کی پروڈکشن میں شامل تھیں اور عامر خان فلم ’منگل پانڈے‘ کی عکس بندی میں مصروف تھے۔

کرن راؤ کا کہنا ہے کہ ’یہی وقت تھا جب ہم نے ڈیٹنگ شروع کی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ سودیش کی فلم کے اختتام کے بعد عامر خان نے فلم ’رنگ دے بسنتی‘ کا آغاز کر دیا تھا، اس دوران ہی ہماری دوستی گہرے تعلق میں بدل گئی تھی۔

واضح رہے کہ عامر خان اور کرن راؤ 28 دسمبر 2005ء کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے اور 2021ء میں اس جوڑی نے اپنے درمیان علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے 16 سالہ شادی کو ختم کر دیا تھا۔

اب یہ جوڑی بطور بہترین دوست اکثر اوقات ہی ایک دوسرے کے ساتھ نظر آتے ہیں۔

کرن راؤ اور عامر خان کا ایک بیٹا آزاد راؤ خان بھی ہے جس کی پرورش یہ دونوں آرٹسٹ مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں