نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث عناصر کے لیے کوئی رعایت مناسب نہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو ریاست کے خلاف کھڑا ہوگا اس سے مذاکرات نہیں ہوں گے، مجھے مذاکرات اور مفاہمت پر پختہ یقین ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ کے سامنے 126 دن کے دھرنے کو مذاکرات سے اٹھایا تھا، سیاست میں مفاہمت اور مذاکرات ہوتے ہیں اور ہونے چاہیے لیکن جی ایچ کیو، جناح ہاؤس اور تنصیبات پر حملہ کرنے پر کوئی معافی نہیں دے سکتا۔
نائب وزیر اعظم نے بتایا کہ فارمیشن کمانڈرز میٹنگ میں جس مؤقف کا اظہار کیا گیا وہ ہر پاکستانی کا مؤقف ہے، سانحہ 9 مئی میں ملوث عناصر کے لیے کوئی رعایت مناسب نہیں۔
اسحق ڈار نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ وفاقی بجٹ سے پہلے منظور ہونا معمول سے ہٹ کر ہے، چار وفاقی اکائیوں کا بجٹ مل کر وفاق کا بجٹ بنتا ہے۔
تاہم نائب وزیراعظم نے جسٹس اطہر من اللہ کے کالی بھیڑوں سے متعلق وزیر اعظم کے بیان پر ردعمل پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، انہوں نے کہا کہ جسٹس اطہر من اللہ نے وزیراعظم کو جو جواب دیا ہے اس پر وزیراعظم سے پوچھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ٹیک آف کرنے کے دوران کتنی بار گرانا ہے؟ ہم پاکستان کو کئی بار ٹیک آف کرتے گرا چکے ہیں، بس بہت ہوگیا۔
چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسحق ڈار نے بتایا کہ ہم چینی انجینئرز پر حملے کے ملزمان تک پہنچ گئے ہیں، سیکریٹری داخلہ اور دفتر خارجہ کے افسران کابل گئے ہیں، چینی شہریوں پر حملوں میں ملوث لوگوں پر افغان حکام کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہدہ محمد بن سلمان بھی دورہ پاکستان پر آئیں گے، محمد بن سلمان کے والد کی طبیعت خراب ہے، محمد بن سلمان نے صرف پاکستان ہی نہیں جاپان کا دورہ بھی ملتوی کیا ہے۔