بھارتی کرکٹرز کو آئی پی ایل میں گرل فرینڈ ساتھ لے جانے کی اجازت ہے؟

بھارتی کرکٹرز کو آئی پی ایل میں گرل فرینڈ ساتھ لے جانے کی اجازت ہے؟


سابق بھارتی کرکٹر و انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مینٹور گوتم گمبھیر نے انکشاف کیا کہ سنیل نارائن نے ان سے ملاقات کے بعد سب سے پہلا سوال آئی پی ایل میں اپنی گرل فرینڈ ساتھ لانے کے بارے میں پوچھا۔

گوتم گمبھیر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران سنیل نارائن کے ساتھ اپنی دوستی کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میری اور سنیل نارائن کی شخصیت تقریباََ ایک جیسی ہے  اور اس لیے ہمارے جذبات بھی ملتے جلتے ہیں، مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب وہ پہلی بار 2012ء میں آئی پی ایل میں آئے تھے اور ہم جے پور میں پریکٹس کے لیے جا رہے تھے تو میں نے انہیں دوپہر کا کھانا ساتھ کھانے کی دعوت دی۔

گوتم گمبھیر نے مزید بتایا کہ سنیل نارائن اس وقت اتنے شرمیلے تھے کہ اُنہوں نے کھانے کے دوران ایک لفظ بھی نہیں کہا اور پھر اچانک پہلا سوال یہ پوچھا کہ ’کیا میں آئی پی ایل میں اپنی گرل فرینڈ کو لا سکتا ہوں؟‘

اُنہوں نے مزید بتایا کہ اب وہ میرے دوست نہیں بلکہ بھائیوں کی طرح ہیں اور اب ہم ایک دوسرے سے کسی بھی چیز کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے 2018ء میں اپنے کھلاڑیوں کو طویل مدتی دوروں پر اپنی بیویوں یا گرل فرینڈز کو ساتھ لے کر جانے کی اجازت دی تھی لیکن اس سے پہلے اس بات کی اجازت نہیں تھی۔

یاد رہے کہ گوتم گمبھیر کی کپتانی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بالترتیب 2012ء اور 2014ء کا آئی پی ایل جیتا تھا اور ٹیم کی ان دونوں کامیابیوں میں سنیل نارائن نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

سنیل نارائن نے اب آئی پی ایل کے حالیہ سیزن میں بھی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اُنہوں نے گوتم گمبھیر کی مینٹورشپ میں پورے ایونٹ کے دوران 488 رنز بنائے اور 17 وکٹیں حاصل کیں اور ’موسٹ ویلیو ایبل پلیئر‘ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں