وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ 15 دنوں بعد بتاؤں گا کہ صوبہ کس کا ہے، بٹن کس کا ہے اور بجلی کس کی ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ عوام دوست ہوگا، ایپکس کمیٹی اجلاس میں نہیں بلایا گیا، ایسے ملک چلانا ہے تو ہمیں مسئلہ نہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم میں اتنی اہلیت ہے کہ اپنے وسائل بروئے کار لا سکتے ہیں، ہم اصلاحات کر رہے ہیں، معیشت کو خود بہتر بنائیں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ان کے رویے پر ہمیں کوئی فرق نہیں پڑ رہا، اپنے صوبے کے حقوق پر بلکل سمجھوتہ نہیں کریں گے، انہیں لگتا ہےکہ سرمایہ کار براہ راست ہمارے پاس نہیں آئےگا، تو یہ خام خیالی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اگر ان کو ہماری ضرورت نہیں تو ہمیں بھی ضرورت نہیں، تیاری مکمل ہے، وفاق سے پہلے بجٹ پیش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنا حق لینا جانتے ہیں، 15 دنوں بعد بتاؤں گا کہ صوبہ کس کا ہے، بٹن کس کا ہے بجلی کس کی ہے۔