پاور سیکٹر میں بہت سے مسائل، بہت بڑا مسئلہ بجلی چوری ہے، اویس لغاری

پاور سیکٹر میں بہت سے مسائل، بہت بڑا مسئلہ بجلی چوری ہے، اویس لغاری


وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر میں بہت سے مسائل ہیں، ملک میں بجلی چوری بہت بڑا مسئلہ ہے۔

لاہور میں وزیر مملکت علی پرویز کے ہمراہ لیسکو ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران اویس لغاری نے کہا کہ پاور سیکٹر میں تمام ایریاز میں اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں کو 2013ء سے 2018ء تک لوڈشیڈنگ سے آزاد کیا تھا لیکن ن لیگ کے جانے کے بعد ترقی کے بجائے تنزلی آئی۔

وفاقی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ ملک میں بجلی چوری بہت بڑا مسئلہ ہے، اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ بجلی چوری مکمل بند کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کل سولر نیٹ میٹرنگ کا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ ہم نیٹ میٹرنگ پالیسی کو جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔

اویس لغاری نے یہ بھی کہا کہ سولر سسٹم کی قیمت کم ہونے کی وجہ سے اب اس کی انویسٹمنٹ ڈیڑھ سال میں ریکور ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نیٹ میٹرنگ کی پالیسی کا جائزہ لے گی۔ ضرورت ہوئی تو نظر ثانی کریں گے، ہمارے اقدامات سے نقصان کم ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جب مانگ کم ہوئی تو کارخانوں سے بجلی خریدنے والا کوئی نہیں تھا۔ بجلی کی طلب میں 8 فیصد کمی آئی ہے، کل پاکستان میں تقریباً بیس ہزار میگا واٹ کی مانگ تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے 2017 میں سولر کا آغاز کیا، آج کل سولر نیٹ میٹرنگ کا مسئلہ بنا ہوا ہے،  ایک لاکھ 13 ہزار کنکشن نیٹ میٹرز پر موجود ہیں۔

وزیر مملکت علی پرویز نے کہا کہ توانائی سیکٹر میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں