ایسٹرا زینیکا کا دنیا بھر سے اپنی کووڈ ویکسین واپس لینے کا اعلان

ایسٹرا زینیکا کا دنیا بھر سے اپنی کووڈ ویکسین واپس لینے کا اعلان


برطانوی دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینیکا نے دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی سپلائی روک دی، مختلف ممالک کو بھیجی گئی کورونا ویکسین واپس منگوانے کا بھی اعلان۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کمپنی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسٹرازینیکا ویکسین کی طلب میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث ویکسین کی تیاری روک دی ہے، مارکیٹ میں دیگر اداروں کی ویکسینز کی آمد نے طلب پر شدید منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

کمپنی نے مزید کہا کہ کووڈ کے نئے ویریئنٹس کی آمد کے ساتھ ہی مارکیٹ میں ویکسینز کی بھرمار ہے، ایسے میں طلب تیزی سے متاثر ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ ایسٹرازینیکا نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ اس کی تیار کی گئی کووِڈ ویکسین سے اندرون جسم خون جمنے کی سنگین بیماری پیدا ہوسکتی ہے، یہ ویکسین پلیٹلیٹس کی کم تعداد کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

کمپنی کے خلاف برطانیہ کی ہائی کورٹ میں کئی مقدمات درج کیے گئے تھے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کووِڈ ویکسین کی وجہ سے متعدد اموات اور کیسز سامنے آچکے ہیں۔

واضح رہے کہ سائنسدانوں نے ابتدائی طور پر مارچ 2021 میں ویکسین اور نایاب حالت کے درمیان تعلق کو دریافت کیا تھا جسے امیون تھرومبوسائٹوپینیا اور تھرومبوسس (وی آئی ٹی ٹی) کہا جاتا ہے۔

مارچ 2021 میں ایسٹرا زینیکا کے استعمال کے نتیجے میں خون جمنے کے واقعات کے بعد ڈنمارک، ناروے، آئس لینڈ اور اٹلی نے ویکسین کا استعمال عارضی طور پر روک دیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں