گجرات: پولیس اہلکاروں کی ’چھیڑ چھاڑ‘ پر خواجہ سراؤں نے تھانے پر دھاوا بول دیا

گجرات: پولیس اہلکاروں کی ’چھیڑ چھاڑ‘ پر خواجہ سراؤں نے تھانے پر دھاوا بول دیا


گجرات میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ چھیڑ خانی پر خواجہ سراؤں نے تھانہ صدر کھاریاں پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کے بعد 2 اہلکاروں کو یرغمال بنا کر سڑکوں پر لے آئے۔

گجرات کے تھانہ صدر کھاریاں پر مشتعل خواجہ سراؤں نے دھاوا بول کر اس کی اینٹ سے اینٹ بجادی، خواجہ سرا پتھراؤ اور توڑپھوڑ کے بعد تھانے کے فرنیچر کو گھسیٹ کر باہر لے آئے۔

خواجہ سراؤں کے احتجاج کے باعث تھانہ صدر کھاریاں کی سڑک ایک گھنٹہ بند رہی۔

خواجہ سراؤں کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ان کے ساتھی خواجہ سرا کے ساتھ چھیڑ چھاڑ، مار پیٹ کی اور اسے گالیاں دیں۔

ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ ناکے پر تلاشی کے دوران خواجہ سرا کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی پر معاملہ بگڑ گیا۔

ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) گجرات سید اسد مظفر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا اور ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی قائم کردی۔

ڈی پی او کے مطابق ملوث پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والے خواجہ سراؤں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں