وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ عوام کے راستے میں ہم ریڈ کارپٹ بچھائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق مجھے ذمہ داریاں دی گئی ہیں، ہمارے لیے سب سے اہم چیز یہ ہے کہ جب بچے بچیاں اسکول، کالجز سے نکلیں تو وہ نا امید نا ہوں، ان کو معلوم ہو کہ حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے، اور آنے والے وقت میں جب وہ باہر نکلیں گے تو نوکریاں بھی ہوں گی اور اگر اللہ نے موقع دیا تو وہ لوگوں کو نوکریاں بھی دے رہے ہوں گے، اس عمل کے لیے وزیر اعظم نے ایک خاکہ تیار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری در آمدات اور برآمدات میں عدم توازن ہے، ہم نے اپنے ایکسپورٹس پر توجہ دینی ہے، ہماری پیداواری قوت میں دیگر ممالک کے مقابلے فقدان ہے، ہمیں شرح ترقی بڑھانی ہے تاکہ لوگوں کو روزگار ملے۔
انہوں نے بتایا کہ اہم معاملہ ہمارے معاشرے کا بھی ہے،ہمارے معاشرے تفریق پیدا ہوگئی ہے، نفرت پیدا ہوگئی ہے، ہم تناؤ کے بغیر کسی سے بات نہیں کرتے، یہ اچھے معاشرے کی نشانی نہیں، مخالفت کریں لیکن اختلاف رائے میں احترام ضروری ہے، ایک ایسا معاشرہ جہاں وضع داری ہو، احترام ہو تو ایسا معاشرہ تشکیل دینے کے لیے ہم طریقہ کار وضع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کا سب سے بڑا صارف عوام ہے اور ان کے راستے میں ہم ریڈ ٹیپ کو ختم کر کے ریڈ کارپٹ کی طرف لے کر جائیں گے، یہ وزیر اعظم کا ویژن ہے، ان کا حکم ہے کہ ان چیزوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔
وزیر نے بتایا کہ سعودی عرب سے ہمارا پرانا رشتہ ہے، اس رشتے کو ہم استحکام کے رشتے میں تبدیل نہیں کر سکے، کبھی اکٹھی ترقی کے حوالے سے ہم نے بات چیت نہیں کی، ہمیں سوعدی عرب سے مدد نہیں بلکہ ترقی چاہیے، ہم خود دار قوموں کی طرح گفتگو کرنا چاہ رہے ہیں،ہم ترقی کے لیے گفتگو کر رہے ہیں، اس سلسلے میں ان کے وزرا آئے، پھر ہمارا وفد بھی وہاں گیس، ہمارے آنے کے بعد کل سعودی عرب کا وفد اارہا ہے اور تین دن بعد ہم پھر وہاں جائیں گے۔