نارنجی بیریز ذیابیطس، کولیسٹرول اور نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مددگار

نارنجی بیریز ذیابیطس، کولیسٹرول اور نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مددگار


پاکستان میں عام پائی جانے والے جڑی بوٹی نما پھل سی بک تھورن بیریز سے متعلق تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ نہ صرف وزن کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں بلکہ ذیابیطس، کولیسٹرول اور تیزابیت کو بھی کم کرنے میں مفید ہوتے ہیں۔

سی بک تھورن بیریز کو پاکستان میں مختلف علاقوں میں مقامی زبانوں میں مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے اور یہ جڑی بوٹی نما پھل خشک سالی میں بھی کثرت سے ہوتا ہے، پاکستان میں یہ پھل تقریبا چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی پایا جاتا ہے۔

سی بک تھورن بیریز کو نارنجی بیر یا نارنجی بیریز بھی کہا جاتا ہے اور انہیں دیہاتوں میں رہنے والے افراد مختلف امراض میں صدیوں سے استعمال کرتے آ رہے ہیں۔

تاہم اب تازہ تحقیق سے بھی یہ ثابت ہوا ہے کہ یہ خصوصی پھل متعدد بیماریوں کو کم یا ختم کرنے میں مددگار ہوسکتا ہے۔

طبی جریدے کے مطابق کینیڈا میں کی جانے والی تحقیق کے دوران ماہرین نے سی بک تھورن بیریز سے اجزا سے تیار شدہ ادویات موٹاپے کے شکار افراد سمیت ذیابیطس کے مریضوں کو دی اور پھر اس کا اثر جانچا۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ نارنجی بیریز کے اجزا سے تیار شدہ ادویات کھانے والے افراد میں بلڈ شوگر کی سطح کم ہوئی جب کہ ایسے افراد میں کولیسٹرول کی سطح بھی بہتر ہونے سمیت ان کا نظام ہاضمہ بھی بہتر ہوا۔

اسی طرح سی بک تھورن بیریز کے اجزا سے تیار ادویات استعمال کرنے سے موٹے افراد کا وزن بھی کم ہوا جب کہ ان میں تیزابیت سمیت دیگر مسائل بھی کم ہوئے۔

ماہرین کے مطابق نارنجی بیریز میں اینٹی آکسیڈنٹ سمیت اومیگا تھری، اومیگا سکس اور وٹامن ای، بی اور تھری سمیت دیگر اجزا کی اچھی مقدار پائی جاتی ہے اور یہ تمام اجزا مختلف بیماریوں کو کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔

اینٹی آکسیڈنٹس کے اجزا عام طور پر اینٹی بائیوٹک ادویات میں استعمال کیے جاتے ہیں جب کہ اومیگا تھری کولیسٹرول اور دل کی صحت کے لیے بہتر ہوتے ہیں جب کہ وٹامن ای جگر، معدہ اور نظام ہاضمہ کے لیے مفید ہوتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں