آئینِ پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، صدر آصف زرداری کا ایسٹر کے موقع پر پیغام

آئینِ پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، صدر آصف زرداری کا ایسٹر کے موقع پر پیغام


صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینِ پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

ایسٹر کے موقع پر مسیح برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار امید، محبت اور خوشحالی کا پیغام لاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، ہمارے مسیحی بھائیوں اور بہنوں نے پاکستان کی ترقی اورخوشحالی میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا ہے، آج ہم پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ آئین پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اقلیتوں کو مذہبی آزادی سمیت تمام بنیادی سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور اُن کی خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقلیتوں سمیت پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ہمیں مسیحی برادری کی غیر متزلزل حب الوطنی پر فخر ہے، بلاول بھٹو

صدر آصف زرادی کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں مسیحی برادری کی غیر متزلزل حب الوطنی پر فخر ہے، مسیحی برادری کی زندگی کے مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار بھی کلیدی رہا ہے، 1973 کے آئین کے اصولوں میں ہر شہری کو قوم کا قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے، دنیا بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

ویٹی کن سٹی میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی جہاں پوپ فرانسس نے دعا کرائی، تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شمعیں روشن کی گئیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں