اسلام آباد: وزیراعظم کی جانب سے ریونیو ضائع ہونے سے بچانے کےلیے ٹی ٹی ایس (ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم) نافذ کرنے کے حوالے سے واضح ہدایات کے باوجود ایف بی آر تاحال ٹی ٹی ایس نظام کو مؤثر طور پر نافذ کرکے ٹیکس چرانے کی روک تھام میں ناکام رہا ہے۔
غیر قانونی تجارت میں آزاد کشمیر کے مینوفیکچررکا 50 فیصد حصہ ہے، ضبط شدہ غیر قانونی سگریٹوں کی تعداد معمولی ہے۔
چند معتبر ذرائع نے دکھایا ہے کہ سگریٹ کے مجموعی طور پر 100 میں سے صرف 26 برانڈ ٹیکس کی مہر لگا رہے ہیں جب کہ دیگر برانڈ کھلے عام مارکیٹ میں بغیر مہر کے اپنے سگریٹ بیچ رہے ہیں، دو ایک مقامی برانڈ بھی اگرچہ ٹیکس کی مہریں لگارہے ہیں مگر برانڈ بغیر مہر کے بھی فروخت کیے جارہے ہیں۔
یہ قانون کی صریح خلاف ورزی ہے اور وہ بھی ایسے میں کہ ٹی ٹی ایس کو نافذ ہوئے18 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے، تقریباً 98 فیصد ٹیکس دو مینوفیکچررادا کررہے ہیں جب کہ کمپنیاں جو مارکیٹ کا 50 فیصد شیئر رکھتی ہیں وہ مجموعی آمدن کا صرف 2 فیصد حصہ ملارہی ہیں۔