تحریک انصاف نے شہدا کے خلاف توہین آمیز مہم چلائی، عطا اللہ تارڑ

تحریک انصاف نے شہدا کے خلاف توہین آمیز مہم چلائی، عطا اللہ تارڑ


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شہدا کے خلاف توہین آمیز مہم چلائی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ روز جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کی سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ ہم شہدا کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ لوگ ملک کی سالمیت کے لیے قربانیاں دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک سیاسی جماعت نے کل جنوبی وزیرستان میں جاں بحق ہونے والے ان شہدا کے حوالے سے تضحیک آمیز مہم چلائی، میں اس کی مذمت کرتا ہوں، کل رات ان شہدا کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور سوشل میڈیا میں ماضی کی طرح پھر ان شہدا کی قربانیوں پر تنقید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں شواہد کے ذریعے بتاؤں گا کہ تحریک انصاف کی ٹیم نے ان اکاؤنٹس کے ذریعے یہ توہین آمیز مہم چلائی ہے ، یہ ملک ہے تو سیاست ہے، یہ ملک سب سے پہلے ہے۔

بعد ازاں انہوں نے کہا آئی ایس پی آر کے کہ کچھ پیروڈی اکاؤنٹس بنائے گئے جس میں شہدا کی تضحیک کی گئی، ان پر تنقید کی گئی، یہ لوگ پہلے بھی یہ کام کرتے رہے ہیں، ان اکاؤنٹس پر عمران خان کی تصویریں لگی ہیں، یہ فعل کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ جن لوگوں نے عوام کے جذبات مجروح کیے ہیں ان کی شناخت کی جارہی ہے، اور یہ بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا، ان لوگوں کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی بھی یہ اکاؤنٹس آپریشنل ہیں، سیاسی تنقید سب پر کریں مگر شہدا کی کسی سے کوئی لڑائی نہیں ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جب لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر گرا تھا تب بھی یہی لوگ تھے تنقید کرنے والے اور کچھ پاکستان مخالف لابی ہے سرحد کے پار انہوں نے بھی حصہ ڈالا تھا اس میں، لیکن آپ لوگ اس میں حصہ نا ڈالیں، شہدا ہمارے سر کا تاج ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی کے لیے سب کو اکھٹا ہونا چاہیے، میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ شہدا کی تضحیک قابل قبول نہیں ہے، جو بھی اپنے لیڈر کی تسکین کی خاطر اس طرح کی گھناؤنی حرکتیں کرتے ہیں انہیں قانون کے کٹھرے میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے 9 مئی میں جو حرکتیں کی، جو آئی ایم ایف کو خط لکھا تو یہ کام نا کریں، ہمیں پتا آپ چاہتے ہیں کہ ملکی معیشت تباہ ہو لیکن ہم یہ نہیں ہونے دیں گے، آپ کہتے تھے کہ یہ امریکی سازش ہے اب وہاں کے فٹھ پاتھ پر افطاریاں کر رہے ہیں، یہ کیا طریقہ ہے کہ آئی ایم ایف کے باہر کھڑے ہو کے نعرے لگا رہے ہیں، اس کی مذمت ہونی چاہیے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ ہم ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہیں، یہ پاکستانیوں کی بہبود کا معاملہ ہے، لیکن اس قسم کی حرکتیں ناقابل برداشت ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو اس کی مذمت کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ لوگ جو ان اکاؤنٹس کو سہولت دے رہے ہیں ہم ان کی نشاندہی کر رہے ہیں، جو پاکستان اور بیرون ملک لوگ ہیں اس میں ملوث ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا، عوام کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ معیشت کو درپیش مسائل فوری حل کے متقاضی ہیں، ہمیں غریب عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ عالمی جرائد نے وزیر خزانہ کی تقرری کو سراہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں