سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 مارچ کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشنز کیے جس میں دو دہشت گرد مارے گئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ ضلع خیبر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گردوں کا سرغنہ شمروز عرف شینائے مارا گیا۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں بھی کامیابی سے آپریشن کرتے ہوئے دہشت گرد منصور کو ہلاک کردیا۔
مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔
متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
اس سے قبل دو مارچ کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں تین دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔
گزشتہ ماہ 29 فروری کو بھی شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا تھا۔