مریم نواز کے پہلی بار وزیراعلیٰ بننے پرعالمی میڈیا نے کیا لکھا؟

مریم نواز کے پہلی بار وزیراعلیٰ بننے پرعالمی میڈیا نے کیا لکھا؟


پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل) (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے 26 فروری کو پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بن کر نئی تاریخ رقم کردی۔

مریم نواز ملک کے چاروں صوبوں کی تاریخ میں پہلی وزیر اعلیٰ خاتون ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ رکن اسمبلی بھی پہلی بار بنی ہیں۔

مریم نواز نے 2013 کے بعد منظم انداز میں سیاست میں رکھا، اس سے قبل انہیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی کی وجہ سے شہرت حاصل تھی۔

مریم نواز نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں پنجاب اسمبلی کی جنرل نشست پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد 26 فروری کو انہوں نے 371 کے ایوان میں سے 220 ووٹ لے کر نئی تاریخ رقم کی۔

مریم نواز سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو کے بعد پہلی خاتون ہیں جو اعلیٰ حکومتی عہدے پر پہنچی ہیں۔

بینظیر بھٹو بھی نہ صرف پاکستان بلکہ اسلامی دنیا کی بھی پہلی خاتون وزیر اعظم بنی تھیں۔

مریم نواز کے وزیر اعلیٰ بننے پر جہاں پاکستان بھر کی خواتین، شوبز شخصیات، سیاسی و سماجی افراد نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے وزارت اعلیٰ کے منصب پر بیٹھنے کو ملکی تاریخ اور خواتین کے لیے اہم قرار دیا، وہیں عالمی میڈیا نے بھی ان کی کامیابی پر خصوصی خبریں شائع کیں۔

بھارتی میڈیا نے بھی مریم نواز کے پہلی بار وزیر اعلیٰ بننے پر ان کی خبر کو خصوصی خبر کے طور پر شائع کیا جب کہ عرب نشریاتی اداروں نے بھی ان کے وزیر اعلیٰ بننے کی خبر کو نمایاں اہمیت دی۔

الجزیرہ نے مریم نواز کی کامیابی کو ملک تاریخ اور خواتین کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ان کی کامیابی سے خواتین کو آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔

گلف نیوز نے لکھا کہ مریم نواز نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ملک کے سب سے اہم اور بڑے صوبے کے وزیر اعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل کرلیا اور ان کی کامیابی کو خواتین کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارتی نشریاتی ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) نے بھی ان کے وزیر اعلیٰ بننے کو پاکستانی خواتین کے لیے نئی تاریخ قرار دیا اور لکھا کہ وہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بن گئیں۔

دی ہندو نے اپنی خبر میں لکھا کہ مریم نواز پاکستان کے کسی بھی صوبے کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بن گئیں، انہوں نے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی خبر میں لکھا کہ سابق وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نواز شریف کی صاحبزادی نے تاریخ رقم کردی، وہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بن گئیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں