ساتویں پاکستان انٹرنیشنل آرمی ٹیم اسپرٹ ایکسرسائز 2024 کا انعقاد

ساتویں پاکستان انٹرنیشنل آرمی ٹیم اسپرٹ ایکسرسائز 2024 کا انعقاد


ساتویں پاکستان انٹرنیشنل آرمی ٹیم اسپرٹ (پی اے ٹی ایس) ایکسرسائز 2024 کا انعقاد قومی انسداد دہشت گردی سینٹر پبی میں اتوار کو ہوا جس میں 20 دوست ممالک کے ملٹری مبصرین نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ملٹری ٹریننگ نے 60 گھنٹوں کی طویل پٹرولنگ مشق کا افتتاح کیا۔

اس مشق کا مقصد پیچیدہ عالمی سیکیورٹی ماحول میں فوجی تعاون بڑھانے کے لیے فوجی استعداد بڑھانا ہے۔

اس مشق میں پاکستان کے علاوہ بحرین، اردن، قزاقستان، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، قطر، سری لنکا، تھائی لینڈ، ترکیہ، امریکا اور ازبکستان کلیدی شراکت دار جبکہ آذربائیجان، بیلاروس، چین، میانمار، جرمنی، انڈونیشیا، جاپان اور اومان نے بطور ملٹری مبصر مشق کو دیکھا۔

پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ ایک مشن کے لیے مخصوص اور ٹاسک پر مبنی پیشہ ورانہ فوجی مشق ہے جو پاکستان میں ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔

مشق میں جسمانی فٹنس، ذہنی چستی/مضبوطی اور پیشہ ورانہ فوجی مہارت کے اعلی معیار پر توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ قریبی اور حقیقی ماحول میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوری فیصلہ کیا جاسکے۔

اس مشق کے اغراض و مقاصد ٹیم اسپرٹ کے ذریعے ثابت قدمی کے گرد گھومتے ہیں۔ یہ مشق جدید خیالات اور باہمی بہترین طریقوں کے اشتراک کے ذریعے تعاون اور فوجی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں معاون ہوگی۔


اپنا تبصرہ لکھیں