پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے بعد شروع ہو گیا اور ایوان اپوزیشن اور حکومتی بینچوں کے اراکین نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی جس سے ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 33منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا اور مریم نواز کے ایوان میں آتے ہی سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے خلاف نعرے بازی کی۔
اس کے جواب مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے بھی پی ٹی آئی قیادت کے خلاف نعرے بازی کی اور ارکان اسمبلی نشستوں پر کھڑے ہو کر ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔
اجلاس کے دوران خلیل طاہر سندھو کو مریم اورنگزیب نعرے لگانے کا اشارہ کرتی رہیں اور مسلم لیگ(ن) کے اراکین نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف شدید نعرے لگائے۔
بعدازاں اسپیکر سبطین خان کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر نے چار نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے لیے گھنٹیاں بجنا شروع ہو گئی تھیں اور اسپیکرپنجاب اسمبلی سبطین خان پہنچ گئے تھے جہاں اجلاس کے ایجنڈے پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہو گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ملک احمد خان اور سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کے درمیان اسپیکر کی نشست پر مقابلہ ہوگا۔
جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے (ن) لیگ کے ملک ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض کے درمیان مقابلہ ہے۔
اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کریں گے۔
اسپیکرپنجاب اسمبلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے اب تک پروڈکشن آرڈر کی درخواست نہیں کی، پنجاب اسمبلی کے احاطے کسی کو گرفتار نہیں ہونے دوں گا۔
سبطین خان نے مزید کہا کہ میاں اسلم اقبال نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا، پشاور ہائی کورٹ کی ہدایت پر وہ آئیں گے، پی ٹی آئی کے امیدوار سنی اتحاد کونسل میں آئے، انہیں لیول پلینگ فیلڈ نہیں ملا۔