جنسی تعلق سے ہونے والے وائرس سے خواتین میں امراض قلب بڑھنے کا انکشاف

جنسی تعلق سے ہونے والے وائرس سے خواتین میں امراض قلب بڑھنے کا انکشاف


ایک طویل اور منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جنسی تعلق سے ہونے والے ہیومن پپلوما وائرس (Human papillomavirus) سے خواتین میں امراض قلب بڑھنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

ہیومن پپلوما وائرس (Human papillomavirus) ایچ پی وی زیادہ تر غیر محفوظ جنسی تعلق کے درمیان ہوتا ہے، تاہم یہ وائرس محفوظ جنسی تعلق کے درمیان بھی ہوسکتا ہے۔

اس وقت مذکورہ جنسی وائرس کا کوئی مستند علاج دستیاب نہیں، تاہم ماہرین صحت مختلف ادویات سے اس کا علاج کرتے ہیں۔

عام طور پر ایچ پی وی کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں اور اس وائرس میں مبتلا رہنے والے افراد سنگین امراض کا شکار بن سکتے ہیں لیکن عام طور پر یہ وائرس خود بخود ختم بھی ہوجاتا ہے۔

ایچ پی وی سے خواتین اور مردوں میں متعدد کینسر کی اقسام کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں اور اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس سے خواتین میں امراض قلب بھی بڑھ سکتے ہیں۔

طبی جریدے یورپین ہارٹ جرنل میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ کوریائی خواتین پر تحقیق کی جو آغاز میں امراض قلب کی کسی بھی بیماری میں مبتلا نہیں تھیں۔

ماہرین نے 17 سال تک مذکورہ خواتین میں ایچ پی وی کی سطح، اقسام اور اس کی وجہ سے ہونے والی پیچیدگیوں کا جائزہ لیا، جس سے معلوم ہوا کہ جنسی وائرس خواتین میں امراض قلب بڑھانے کا بھی سبب بن سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایچ پی وی میں مسلسل مبتلا رہنے والی خواتین میں امراض قلب اور ہارٹ اٹیک سے ان کی اموات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایچ پی وی میں مبتلا رہنے والی خواتین میں امراض قلب کا شکار ہونے کے امکانات چار فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں