عام انتخابات سے ایک روز قبل کراچی میں ہونے والا دھماکا خودکش قرار

عام انتخابات سے ایک روز قبل کراچی میں ہونے والا دھماکا خودکش قرار


عام انتخابات 2024 سے ایک روزقبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ہونے یوالے دھماکے کو تحقیقاتی اداروں نے خودکش قرار دے دیا۔

کراچی میں عام انتخابات سے ایک روز قبل گلشن اقبال کے پٹیل ہسپتال کے قریب ہونے والے دھماکے میں کم از کم 4 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن کی مدعیت میں درج مقدمے میں نامعلوم حملہ آور اور نامعلوم سہولت کاروں کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکسپلوزیو ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق فاروق رحمٰن نامی دہشت گرد نے نامعلوم سہولت کاروں کی ایما پرخودکش حملہ کیا تاہم اس بات کی تحقیقات جاری ہیں کہ فاروق رحمٰن کے پاس دستی بم کیسے اور کہاں سے آیا۔

مدعی مقدمے نے دعویٰ کیا کہ فاروق رحمٰن نے نامعلوم سہولت کاروں کے ایما پر خود کش حملہ کیا، حملے میں ہونے والا جانی نقصان قتل اور دہشت گردی کی حد کو پہنچتا ہے اور مقدمے کی تفتیش سی ٹی ڈی کرے گی۔

واضح رہے کہ ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ دستی بم مبینہ ملزم کے ہاتھوں میں پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں اس سمیت تین افراد مارے گئے تھے جبکہ بعد میں ایک اور بچے کی موت واقع ہو گئی تھی۔

پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ فاروق ایک معطل پولیس افسر کا بیٹا تھا جو اپنے ساتھ دستی بم لے کر جا رہا تھا لیکن بے احتیاطی کی وجہ سے وہ پھٹ گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں