الیکشن 2024: بڑے بڑے سیاسی برج الٹ گئے، آزاد امیدواروں نے میدان مارلیا

الیکشن 2024: بڑے بڑے سیاسی برج الٹ گئے، آزاد امیدواروں نے میدان مارلیا


عام انتخابات 2024 میں بڑے بڑے سیاسی برج الٹ گئے، بعض نئے چہروں نے پرانے اور آزمودہ سیاست دانوں کو دھول چٹا دی۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق عام انتخابات کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، بڑے اپ سیٹس پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دیکھنے میں آئے ہیں۔

سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف، سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن، رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو شکست ہوگئی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، امیر جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی) سراج الحق، سابق رہنما مسلم لیگ (ن) چوہدری نثار، رہنما استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) جہانگیر ترین، رہنما مسلم لیگ (ن) سعد رفیق کو بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

پنجاب

لاہور کے حلقہ این اے 127 سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو آزاد امیدوار ملک ظہیر عباس نے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق ملک ظہیر عباس 82 ہزار 230 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ بلاول بھٹو 15 ہزار 5 ووٹ حاصل کرسکے۔

راولپنڈی کے حلقہ این اے 53 سے سابق وزیرداخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما چوہدری نثار علی خان کو مسلم لیگ (ن) کے ہی امیدوار راجا قمر الاسلام نے شکست دے دی۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق راجا قمر الاسلام 72 ہزار 6 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ چوہدری نثار علی خان 44 ہزار 72 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

گجرات کے حلقہ پی پی 32 سے چوہدری پرویز الہیٰ کو مسلم لیگ (ق) کے سالک حسین نے ہرادیا۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق چوہدری سالک حسین 55 ہزار 615 ووٹ لے کر فاتح رہے جبکہ چوہدری پرویز الہیٰ 44 ہزار 713 ووٹ لے کر دورے نمبر پر رہے۔

لاہور کے حلقہ پی پی 172 سے مسلم لیگ (ن) کے رانا مشہود آزاد امیدوار مصباح واجد کے ہاتھوں ہار گئے۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق مصباح واجد نے 31 ہزار 378 ووٹ حاصل کیے جبکہ رانا مشہود 28 ہزار 647 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 میں مسلم لیگ (ن) کے شیخ روحیل اصغر کو آزاد امیدوار وسیم قادر نے شکست دے دی۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق وسیم قادر 78 ہزار 703 ووٹ لے کر کامیاب رہے جببکہ شیخ روحیل اصغر 70 ہزار 597 ووٹ حاصل کرسکے۔

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعید رفیق کو آزاد امیدوار لطیف کھوسہ سے شکست ہوئی۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق سردار لطیف کھوسہ ایک لاکھ 17 ہزار 109 لے کر کامیاب ہوئے جبکہ خواجہ سعد رفیق 77 ہزار 907 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

ملتان کے حلقہ این اے 149 سے رہنما استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) جہانگیر ترین کو آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر نے پچھاڑ دیا۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق ملک عامر ڈوگر ایک لاکھ 43 ہزار 613 ووٹ حاصل کرکے فاتح رہے جبکہ جہانگیر ترین 50 ہزار 166 ووٹ حاصل کرسکے۔

لودھراں میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 155 میں بھی جہانگیر ترین کو رہنما مسلم لیگ (ن) صدیق خان بلوچ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق صدیق خان بلوچ نے ایک لاکھ 17 ہزار 671 ووٹ حاصل کیے جبکہ جہانگیر ترین 71 ہزار 128 ووٹ حاصل کرسکے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں سوات سے قومی اسمبلی کی 3 اور صوبائی اسمبلی کی 8 نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کلین سوئپ کرلیا۔

مانسہرہ تورغر کے حلقہ این اے 15 میں سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو آزاد امیدوار شہزادہ محمد گستاسب خان نے شکست دے دی۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق شہزادہ محمد گستاسب خان نے ایک لاکھ 52 ہزار 249 ووٹ لیے جبکہ نواز شریف 80 ہزار 382 ووٹ حاصل کرسکے۔

سوات میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 10 سے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو آزاد امیدوار نعیم خان نے ہرادیا۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق نعیم خان نے 21 ہزار 681 ووٹ حاصل کیے جبکہ محمود خان 10 ہزار 573 ووٹ حاصل کیے۔

لوئر دیر میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 6 سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو آزاد امیدوار محمد بشیر خان نے شکست دے دی۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق محمد بشیر نے 76 ہزار 259 ووٹ حاصل کیے جبکہ سراج الحق 52 ہزار 545 ووٹ حاصل کرسکے۔

ڈیرہ اسمعٰیل خان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 میں آزاد امیدوار علی امین گنڈاپور نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن کو بڑے مارجن سے ہرادیا۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق علی امین گنڈاپور 93 ہزار 443 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے جبکہ مولانا فضل الرحمٰن 59 ہزار 922 ووٹ حاصل کرسکے۔

چارسدہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 24 میں چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب شیر پاؤ کو آزاد امیدوار انور تاج کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

غیرحتمی نتائج کے مطابق انور تاج 89 ہزار 801 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ آفتاب شیرپاؤ 34 ہزار 415 ووٹ حاصل کرسکے۔

چارسدہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 25 میں عوام نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ایمل ولی خان آزاد امیدوار فضل محمود خان کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئے۔

غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق فضل محمود خان ایک لاکھ 713 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے جبکہ ایمل ولی خان 67 ہزار 876 ووٹ حاصل کرسکے۔

نوشہرہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 33 سے سربراہ تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) پرویز خٹک آزاد امیدوار سید شاہد احد علی کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئے۔

غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق سید شاہ احد علی نے 90 ہزار 145 ووٹ حاصل کیے جبکہ پرویز خٹک 25 ہزار 582 ووٹ حاصل کرسکے۔


اپنا تبصرہ لکھیں