پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب کل ہو گا، نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نئے چیئرمین پی سی بی کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس کل ہو گا، اجلاس الیکشن کمشنر شاہ خاور نے طلب کیا ہوا ہے۔
اجلاس دوپہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہو گا، گورننگ بورڈ میں پیٹرن کے 2 نمائندے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے شامل ہیں، ان کے علاوہ آزاد جموں کشمیر، ڈیرہ مراد جمالی، لاڑکانہ، بہاولپور، سوئی ناردرن گیس، غنی گلاس، اسٹیٹ بینک اور پی ٹی وی گورننگ بورڈ کا حصہ ہیں۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکریٹری یا کوئی اور نمائندے نان ووٹنگ ممبر کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔
محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے مضبوط ترین امیدوار ہیں، وہ اس وقت نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ذمے داریاں نبھا رہے ہیں۔