نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ ججز کے خلاف مہم کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی کارروائی قانون کے مطابق ہوئی ہے جس میں کسی کو ہراساں نہیں کیا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ’عدلیہ کے خلاف چلنے والی مہم پر جے آئی ٹی بنائی گئی، تقریباً 100 انکوائریز ہوچکی ہیں، آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے کی آزادی لامحدود نہیں ہے، جو کچھ عدلیہ پر تنقید ہوئی وہ تنقید کے زمرے میں نہیں آتی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کسی کو ہراساں نہیں کیا گیا، کسی کو اٹھایا گیا اور نہ رات میں دروازہ کھٹکھٹایا گیا، ججز کے خلاف مہم کے بعد ایف آئی اے کی کارروائی قانون کے مطابق ہوئی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’تنقید کو تہذہب کے دائرے میں رہ کر کیا جانا چاہیے، بہتان تراشی اور تذلیل سے اجتناب کرنا چاہیے، جبکہ جے آئی ٹی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔‘