ایک طویل اور منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ گوشت اور دودھ کے بجائے پھلوں، سبزوں اور خشک میوہ جات پر مبنی غذائیں کھانے والی ادھیڑ عمر خواتین کم سے کم 11 مختلف بیماریوں سےمحفوط رہ سکتی ہیں۔
طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین نے 46 ہزار سے زائد خواتین کی غذائی عادتوں اور ان کی صحت کا جائزہ لیا۔
ماہرین نے 1984 سے 2016 کے درمیان 48 سال کی عمر کی غذائی عادات کو دیکھا اور جائزہ لیا کہ کون سے خاتون کس طرح کی غذا کھا رہی ہے۔
بعد ازاں ماہرین نے مذکورہ تمام خواتین کی صحت کا جائزہ لیا، جس میں جسمانی سمیت ذہنی صحت بھی شامل ہے۔
تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ جن خواتین نے دودھ اور گوشت کے بجائے پھلوں، سبزوں اور خشک میوہ جات سے پروٹین اور دیگر غذائی ضروریات پوری کی تھیں، ان کی صحت بہتر تھی۔
ماہرین نے قدرتی غذائیں جنہیں پلانیٹ بیسڈ فوڈ قرار دیا گیا کھانے والی 4 ہزار کے قریب خواتین کی نشاندہی کی، جنہیں صحت مند شخص قرار دیا گیا۔
یعنی ماہرین نے پھلوں، سبزیوں اور خشک میوہ جات سے پروٹین سمیت دیگر غذائی ضروریات پوری کرنے والی خواتین کو کینسر، فالج، امراض قلب اور شوگر سمیت 11 مختلف بیماریوں سے محفوظ قرار دیا۔
ماہرین کے مطابق تحقیق سے معلوم ہوا کہ دودھ اور گوشت کے مقابلے پھلوں، سبزیوں اور خشک میوہ جات کھانے والی ادھیڑ عمر خواتین ذہنی اور جسمانی طور پر زیادہ تندرست رہتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق مذکورہ تحقیق کے نتائج حوصلہ کن ہیں مگر اس معاملے پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کا مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں کیا کردار ہوتا ہے؟