اسلام آباد: قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے کالی کھانسی سے متعلق اہم ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کالی کھانسی کے پھیلاؤ کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت نے وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت کے نام ایک ہنگامی ایڈوائزری جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کالی کھانسی بیکٹیریم بورڈیٹیلا کے زہر سے لاحق ہونے والا مرض ہے، اور اس کا جرثومہ کھانسنے اور چھینکنے سے ہوا میں شامل ہوتا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق کالی کھانسی ایک سے دوسرے فرد کو لاحق ہو سکتی ہے، اور آئندہ چند ماہ میں کالی کھانسی کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے، سرما کے اختتام، بہار کے آغاز پر کالی کھانسی کیسز بڑھ جاتے ہیں۔
کالی کھانسی کا آئیسولیشن پیریڈ 7 تا 10 اور 4 تا 21 دن ہے، اس کی ابتدائی علامات میں ہلکی کھانسی، ہلکا بخار، ناک بہنا شامل ہیں، اینٹی بائیوٹک ادویات کالی کھانسی کی شدت میں کمی لا سکتی ہیں، شہری کالی کھانسی کے مشتبہ و مصدقہ مریضوں سے فاصلہ رکھیں۔
دوسری طرف بلوچستان کے علاقے چاغی میں شادی شیف دلمراد میں خسرہ سے کمسن بچہ انتقال کر گیا ہے، اور متعدد دیگر متاثر ہوئے ہیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں روانہ کی جا رہی ہے۔