بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کو افغانستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صفر پر رن آؤٹ ہونا بالکل پسند نہ آیا جس کے بعد ان کے ردعمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
11 جنوری کو موہالی میں افغانستان اور بھارت کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا گیا جس میں افغان ٹیم نے بھارتی ٹیم کو 159 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے آئے بھارتی کپتان روہت شرما کو پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر رن آؤٹ ہو کر واپس جانا پڑا، انہیں ابراہیم زادران نے پویلین لوٹایا۔
روہت شرما نے دوسری گیند پر شاٹ کھیل کر رن لینے کی کوشش کی تو دوسرے اینڈ پر موجود شُبمن گِل نے بالکل بھی دلچسپی نہ دکھائی اور وہیں کھڑے رہے جب کہ اس دوران روہت شرما دوڑتے ہوئے خود ہی دوسرے اینڈ پر پہنچ گئے اور یوں افغان ٹیم کو بہت ہی آسان طریقے سے انہیں رن آؤٹ کرنے کا موقع مل گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما آؤٹ ہونے پر سخت غصے میں اور ناراض دکھائی دیے اور انہوں نے واپس جاتے ہوئے شُبمن گِل کو سخت لہجے میں اشارہ بھی کیا اور ان پر چیخ پڑے۔
واضح رہے کہ روہت شرما 14 ماہ بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہے تھے جس کی وجہ سے ان کی کارکردگی پر سب کی نظریں مرکوز تھیں۔
خیال رہے اس میچ میں بھارت نے افغان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔