کراچی: بیرون ملک سے آنے والے مزید 3 شہریوں میں کورونا کے نئے ویرینٹ کی تصدیق

کراچی: بیرون ملک سے آنے والے مزید 3 شہریوں میں کورونا کے نئے ویرینٹ کی تصدیق


بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے 3مزید مسافروں میں کورونا کے نئے ویرینٹ ’جے این ون‘ کی تصدیق ہوئی ہے۔

قمبر شہداد کوٹ کا رہائشی 21 سالہ مسافر اور مہمند ایجنسی کا رہائشی 22 سالہ مسافر جدہ سے جبکہ 22 سالہ شمالی وزیرستان کا رہائشی ابوظبی سےکراچی پہنچا تھا۔

متاثرہ مسافروں کو کووڈ 19 کی ممکنہ علامات کے پیش نظر ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 8 جنوری کو بیرون ملک سے کراچی آنے والے مزید 2 شہریوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

اس سے ایک روز قبل بھی خلیجی ممالک سے کراچی پہنچنے والے 2 مسافروں میں کووڈ کی تشخیص ہوئی تھی اور اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مسافروں کے خون کے نمونے مزید تحقیق کے لیے لیبارٹری بھیج دیے گئے تھے اور انہیں گھروں میں قرنطینہ کی ہدایت کردی گئی تھی۔

اس سے پہلے بھی بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے دو مسافروں میں ممکنہ وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 9 جنوری کو ترجمان محکمہ صحت سندھ نے صوبے کے تمام ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو بھی نئے ویرینٹ سے متعلق اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی تھی۔

ہدایت نامے میں کہا گیا تھا کہ کورونا سے متاثرہ افراد اور ان سے منسلک افراد کی نشاندہی کرکے قرنطینہ کیا جائے، تمام ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز میں کورونا وارڈ قائم کیے جائیں اور متاثرہ علاقوں میں ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔

یہ بھی کہا گیا تھا کہ نئے کیسز کی تشخیص مضبوط سرویلنس سسٹم کے تحت مانیٹر کی جائے۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے اب تک 6 کیسز سامنے آچکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں