سپریم کورٹ کی جانب سے تاحیات نااہلی کو ختم کیے جانے کے فیصلے پر سیاستدانوں نے ملی جلی آرا کا اظہار کیا ہے اور پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے آج اس فیصلے کے ذریعے پارلیمان کے اس فیصلے کو تسلیم کیا ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے آج آئین کے آرٹیکل 62 (ون) (ایف) کے تحت سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی ختم کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں کی نااہلی کی مدت 5 سال ہوگی۔
اس کے فیصلے کے نتیجے میں مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کی تاحیات نااہلی ختم ہو گئی ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے میاں نواز شریف اور جہانگیر خان ترین کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کا تاحیات نااہلی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ خوش آئند امر ہے اور بحیثیت پارٹی صدر جہانگیر خان ترین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
مسلم لیگ(ن) کی سینئر رہنما مریم اورنگزیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ تاحیات نااہلی کے ذریعے نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور آج تاحیات نااہلی کی عدالتی ناانصافی کا سیاہ باب آخرکار ختم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی من چاہی تشریح کے ذریعے پاکستان اور عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بین الاقوامی رسوائی کی دلدل میں دھکیلنے والے سیاہ کردار آج عدالت، عوام اور وقت کے کٹہرے میں مجرم قرار پائے ہیں جنہوں نے اپنے سیاسی و ذاتی مفادات کی خاطر 25کروڑ عوام اور ترقی کرتے پاکستان کی بنیادیں تک ہلا ڈالیں۔
مسلم لیگ(ن) کی رہنما نے کہا کہ لاڈلے کو صادق اور امین کا جعلی سرٹیفکیٹ دینے کے لیے منتخب وزیراعظم کو ہٹانے کی سازش کی گئی، آج کا دن نواز شریف اور عوام کو مبارک ہو۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ماضی میں کیے گئے وہ فیصلے جنہوں نے ہماری ملکی تاریخ کو ہلا جلا کر رکھ دیا ہے، ان فیصلوں پر نظرثانی کرنا اور اپنے ریکارڈ کو درست کرنا ایک اچھا اقدام ہے، اس کو سپورٹ کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے بعد پارلیمان نے ایک قانون پاس کیا تھا کہ نااہلی کی مدت 5سال سے زائد نہیں ہونی چاہیے، اب یہ بات درست ہے اور سپریم کورٹ نے آج اس فیصلے کے ذریعے پارلیمان کے اس فیصلے کو تسلیم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک کے اندر ایک اچھا عمل اور اچھی روایت ہے اور پارلیمان کے ہر فیصلے پر نظرثانی کر کے اس پر بحث کرنا مناسب عمل نہیں ہے، اس سے پاکستان کا نقصان ہوا ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج ایک اچھا عمل ہوا ہے کہ سپریم کورٹ نے پارلیمان کی بالادستی اور عوام کے حق رائے دہی کی بالادستی کو مانا ہے
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایوین فیلڈ اپارٹمنٹ کا اصل مالک کون ہے آج تک پتا نہ لگ سکا اور اسی طرح گناہ تسلیم کیے بغیر توبہ بھی قبول ہو گئی۔
تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری رائے میں اگر کسی شخص کو تاحیات نااہل کردیا گیا تھا اور وہ اپنی کوئی بھی رسیدیں جمع نہیں کرا سکا تھا تو میں نے سپریم کورٹ کو مشورہ دیا تھا کہ آپ اس معاملے میں مداخلت نہ کریں۔