صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے مین ایک جوان بھی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوجیوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع مردان سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ حوالدار محمد ظاہر نے بہادری سے لڑتے ہوئےجام شہادت نوش کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
اس سے قبل 4 جنوری کو شمالی عزیرستان کی تحصیل میر علی میں بم دھماکا میں تین بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
2 جنوری کو شمالی وزیرستان کے میر علی بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔