مرغی اور انڈے کی قیمتوں نے ہوش اڑا دیے

مرغی اور انڈے کی قیمتوں نے ہوش اڑا دیے


لاہور: پنجاب میں مرغی اور انڈے کی قیمتوں نے ہوش اڑا دیے ہیں، مرغی کی فی کلو قیمت 602 روپے تک جا پہنچی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں انڈے فی درجن 384 روپے کی تاریخی سطح پر چلے گئے ہیں، جب کہ ایک انڈے کی قیمت 35 روپے پر پہنچ گئی۔

پولٹری ایسوسی ایشن نے طلب میں اضافے کا بہانہ بنا کر انڈے اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے اور انتظامیہ کی جاری کردہ ریٹ لسٹ کو مسترد کر دیا، ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ سرکاری نرخوں پر مرغی گوشت اور انڈا نہیں بیچ سکتے۔

ملک کے دیگر شہروں میں بھی مرغی کا گوشت اور انڈے کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہیں، جس کی وجہ سے خوراک کی یہ بنیادی اشیا غریبوں کی پہنچ سے مزید دور ہو گئی ہیں، دوسری طرف نگراں حکومت اور سیاسی جماعتیں الیکشن کی تیاریوں اور الیکشن ہوں گے یا نہیں ہوں گے جیسے معاملات میں الجھی ہوئی ہیں۔

ادھر سردی میں اضافہ ہوتے ہی عوام ملک بھر میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں بھی مبتلا کر دیے گئے ہیں، کراچی، کوئٹہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، اور پشاور سمیت بیش تر شہروں میں 6 سے 8 گھنٹے کی بجلی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، جب کہ دیہی علاقوں میں اس کا دورانیہ دس سے بارہ گھنٹے ہو گیا ہے۔

گیس کا بحران بھی شدید ہے، بیش تر شہروں میں صبح اور شام صرف 2 گھنٹے گیس دی جا رہی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کا پریشر کم ہونے سے کھانا پکانا تو دور گرم کرنا بھی ممکن نہیں ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں