بھارتی ماڈل کے قتل میں استعمال گاڑی مل گئی، لاش نہ مل سکی

بھارتی ماڈل کے قتل میں استعمال گاڑی مل گئی، لاش نہ مل سکی


نوجوان سابق بھارتی خاتون ماڈل کے قتل کے بعد لاش منتقل کرنے والی گاڑی پولیس کو مل گئی تاہم مقتولہ کی لاش اب تک پولیس کو نہیں مل سکی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 27 سالہ دیویا پاہوجا کو منگل کو گڑگاؤں کے ایک ہوٹل میں سر پر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

وہ حال ہی میں ایک ملزم کے مبینہ مقابلے میں ہلاکت کے کیس میں 7 سال بعد ضمانت پر رہا ہوئی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق 7 سال جیل میں گزارنے کے بعد دیویا پاہوجا کو جون 2023ء میں بمبئی ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا تھا کہ ملزمان خاتون ماڈل کی لاش ہوٹل سے گھسیٹ کر گاڑی میں منتقل کر رہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 5 میں سے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے گاڑی برآمد کر لی ہے تاہم اس میں دیویا پاہوجا کی لاش موجود نہیں تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس کیس کی تفتیش جاری ہے۔

بھارتی پولیس کے مطابق 27 سالہ خاتون ماڈل کو منگل کو 5 افراد ہوٹل کے کمرے میں لے گئے تھے جس کے بعد انہوں نے دیویا پاہوجا کو سر میں گولی ماری تھی، خاتون ماڈل مبینہ طور پر ہوٹل کے مالک کو اس کی فحش تصاویر کے ذریعے بلیک میل کر رہی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں