پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ مرد کے رویے کو سمجھنے کے لیے عورت کی زندگی میں والد کی موجودگی ضروری ہے۔
عائشہ عمر نے ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی ایک ناکام محبت کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں جب اپنے کالج سے گریجویٹ ہوگئی تھی تو اس وقت میں ایک ایسے شخص کی محبت میں گرفتار تھی جو مجھے مسلسل تشدد کا نشانا بناتا تھا اور پھر بار بار اپنی غلطی کا اعتراف کرکے معافی بھی مانگتا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ شخص مجھ سے کہتا تھا کہ مجھ سے یہ بات برداشت نہیں ہوتی کہ کوئی اور تم سے بات کرے یا تمہیں دیکھے، ہم دونوں شادی کرنے والے تھے لیکن خوش قسمتی سے میں بچ گئی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں اُس شخص کی ان جذباتی باتوں کو سچا پیار سمجھتی تھی کیونکہ میں اس وقت چھوٹی تھی اتنی زیادہ سمجھدار نہیں تھی اور ایک وجہ یہ بھی ہے کہ میں بغیر باپ کے بڑی ہوئی ہوں۔
اداکارہ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جس لڑکی نے زندگی میں اپنے والد کو نہیں دیکھا ہوتا یا اپنے والدین کو ایک ساتھ زندگی گزارتے نہیں دیکھا ہوتا، اسے اس بات کی بالکل سمجھ نہیں ہوتی کہ ایک مرد کو ایک عورت کے ساتھ کس طرح پیش آنا چاہیے۔
عائشہ عمر نے کہا کہ میں نے بغیر باپ کے پرورش پائی ہے، اس لیے مجھے مرد کے رویے کو سمجھنے میں بہت وقت لگا اور مجھے اس بات کی سمجھ دیر سے آئی کہ مرد کی کن باتوں کو برداشت کرنا چاہیے اور کن باتوں کو نہیں۔