صارف کے غیر سنجیدہ سوال پر علی ظفر کا سنجیدہ جواب

صارف کے غیر سنجیدہ سوال پر علی ظفر کا سنجیدہ جواب


پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار علی ظفر نے صارف کی جانب سے پوچھے گئے غیر سنجیدہ سوال کا سنجیدگی سے جواب دے دیا۔ 

حال ہی میں نئے سال کے موقع پر گلوکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے مداحوں اور فالوورز کو اپنے کام سے کام رکھنے کی تلقین کی اور دوسروں کے اندر منفی پہلو دیکھنے کے بجائے ان کی مثبت باتوں پر غور کرنے کا کہا۔

گلوکار کے انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ویڈیو پیغام کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے غیر سنجیدہ نوعیت کا سوال کیا۔

صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے علی ظفر کے پیغام کو نظر انداز کرتے ہوئے ان سے ان کے چہرے کے نکھار سے متعلق سوال کیا کہ دوسری باتیں چھوڑیں یہ بتائیں اتنا گلو کیسے آتا ہے؟۔

گلوکار نے بھی صارف کو جواب دیتے ہوئے از راہ تفنن کہ دیا کہ ایسے تمام مصنوعات سے گریز کریں جس میں گوری رنگت یا گلو کا ذکر ہو لیکن ہاں اچھا موئسچرائزر اور سن بلاک کا استعمال ضروری ہے۔

اس کے ساتھ ہی علی ظفر نے یہ موقع بھی ہاتھ سے جانے نہ دیا اور اپنی بات کو سنجیدہ رخ دیتے ہوئے مزید کہا کہ اچھا سوچیں، نیت اچھی رکھیں، اچھا کھائیں پئیں، روح کو پاک رکھیں، غیبت سے گریز کریں، ورزش کریں اور ماں باپ کی خدمت کریں ، سب چمک جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں