سال تو بدل گیا لیکن غزہ کی صورتحال نہ بدلی، اس بدلتے سال کے ساتھ جہاں شوبز فنکاروں نے اپنے مداحوں کو سال نو کی مبارک باد پیش کی وہیں غزہ سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھا اور آنے والے سال سے امن و سکون کی نئی امیدیں جوڑ لیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پاکستانی انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے مداحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور غزہ میں امن اور جنگ بندی کی دعا کی۔
اداکارہ سجل علی نے سال 2024 سے امیدیں جوڑیں کہ یہ سال غزہ سمیت ہم سب کے لیے مہربانی کا سال ثابت ہو جبکہ اداکارہ ماورہ حسین نے گزرے سال کی نعمتوں پر شکر ادا کرتے ہوئے آںے والے سال میں غزہ سمیت ہر ایک کے لیے دعا کی۔
اداکارہ مایا علی نے نئے سال کی مبارک باد دی جبکہ اداکارہ میرب نے 2024 کی مبارک باد دیتے ہوئے درخواست کی کہ اس سال اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
اداکارہ رحمہٰ خالد زمان اور اداکار طلحہ چوہدری نے ایک ہی انسٹا اسٹوری شیئر کی اور فلسطین کے 22 ہزار سے زائد شہدا اور 7 ہزار سے زائد لاپتا افراد کو یاد کرتے ہوئے غزہ کے تمام مظلوموں کے لیے امن کی دعا کی۔
معروف اداکار فیصل قریشی نے طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی انسٹااسٹوری میں اپنی دعاؤں میں ہر ایک کو یاد رکھا۔ انہوں نے لکھا کہ نئے سال کے موقع پر لکھا کہ آج 31 دسمبر 2023 کا آخری دن ہے، کل صرف ایک ہندسہ بدلے گا لیکن وہی صبحیں اور وہی شامیں ہوں گیں۔
اداکارہ شگفتہ اعجاز اور اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے نے تصویر اور ویڈیو شیئر کرکے سال نو کی مبارک باد دی اور امن، سکون اور ترقی کی دعائیں بھی کی۔
اداکارہ نیمل خاور اور سنیتا مارشل نے بھی انسٹاگرام پر اپنی تصویر شئیر کرتے ہوئے نئے سال کے موقع پر دنیا میں امید، محبت اور امن کا پیغام دیا۔
اس کےعلاوہ دیگر کئی اداکاروں نے نئے سال کے موقع پر تصاویر شئیر کیں اور 2024 کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔