بلاول نے کراچی میں کون سا ترقیاتی کام کرایا جو لاہور انتخابات لڑنے آگئے ہیں، عطا تارڑ

بلاول نے کراچی میں کون سا ترقیاتی کام کرایا جو لاہور انتخابات لڑنے آگئے ہیں، عطا تارڑ


مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کراچی میں کون سا ترقیاتی کام کرایا جو لاہور انتخابات لڑنے آگئے ہیں۔

فیصل ٹاؤن لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ہماری جماعت مشکل کے دور سے نکل کر باہر آئی یہ نواز شریف کی وجہ سے ہے، قوم پر مشکل وقت آیا تو تمام مشکلات کا ایک ہی جواب آیا وہ تھا نواز شریف۔

انہوں نے کہا کہ لاہور نواز شریف سے عشق کرتا ہے، یہ قلعہ (ن) لیگ ہے، لاہور نے برے وقت میں بھی نواز شریف کو کامیاب کر کے اسمبلیوں تک پہنچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ این اے 127 میں کوئی بلا تو نہیں آیا بلاول بھٹو آگیا ہے، کراچی میں کون سی دودھ و شہد کی نہریں یا ترقیاتی کام کیا ہے جو لاہور الیکشن لڑنے آگئے ہیں۔

عطااللہ تارڑ نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرکے کہا کہ کراچی میں کون سا منصوبہ بنایا جو اٹھ کر لاہور آگئے ہو، کراچی کا امن نوازشریف نے قائم کیا، جبکہ لاہور کل اور آج بھی نواز شریف کا قلعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو نواز شریف کا قرض اتارنا ہے جو بیوی کو بستر مرگ پر چھوڑ کر بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر جیل چلا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں