مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ فوج کے جرنیل یا عدلیہ کے جج جنہوں نے بے گناہوں کو جیلوں میں ڈالا وہ قوم کے مجرم ہیں، جنہوں نے ترقی کرتے پاکستان کو بریکس لگائی ہیں وہ تاریخ کے کٹہرے میں مجرم رہیں گے۔
فیصل ٹاؤن لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ایک طرف 28 مئی والوں سے تو دوسری طرف 9 مئی والے ہیں، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ایک اور پارٹی والے کیا دعویٰ کر سکتے ہیں جو پندرہ سال میں کراچی کو دیا وہ ملک کو ٹرانسفر کرسکتے ہیں، کراچی جیسے عروس البلاد کو کھنڈر بنا دیا پھر لیول پلیئنگ فیلڈ مانگتے ہیں، یہ جرنیلوں اور ججوں کی ملی بھگت سے 2013 میں عوامی ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے والے اور وزیراعظم ہاؤس پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے ہیں
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ شہباز شریف ہسپتالوں کے جال بچھاتے ہیں تو تم لنگر خانے اور کٹے مرغی کی بات کرتے ہو، بات کارکردگی پر ہوگی، الزامات تراشی نہیں حقائق پر ہوگی، خیبر پختونخوا میں نو سالہ حکومت رہی کون سا چلڈرن ہسپتال یا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن، ٹوئٹر و فیس بک پر نہیں آبادیوں میں لڑا جائے گا، سوشل میڈیا پر وہ اداروں پر حملے کرکے دائرہ اسلام قرار دے کر غدار اور بھارتی ایجنٹ کر دیتے ہیں، کس حکیم نے مشورہ دیا تھا کہ پنجاب، کے پی کی اسمبلیاں یا قومی اسمبلی توڑ دیں، کس نے مشورہ دیا تھا کہ افواج پاکستان پر 9 مئی کو حملہ کر دیں، اس کا آتش انتقام اس کو لے بیٹھا، حسد کا کوئی علاج نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نے اپنے ووٹرز کی توہین کی، تبدیلی کے نام پر فراڈ تھا حقیقت کچھ اور تھی، پونے چار سال میں بجلی کا ایک یونٹ نہیں لگا، ہم ملک کو آگے لے کر بڑھ رہے تھے تو ملک کو چند جرنیلوں، عمران خان کی نظر لگ گئی۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ فوج کے جرنیل یا عدلیہ کے جج جنہوں نے بے گناہوں کو جیلوں میں ڈالا وہ قوم کے مجرم ہیں، جنہوں نے ترقی کرتے پاکستان کو بریکس لگائی ہیں وہ تاریخ کے کٹہرے میں مجرم رہیں گے، نواز شریف کو اس لیے نااہل کیا گیا کیونکہ وہ ڈکٹیشن نہیں لیتا تھا۔