اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان، انڈیکس میں 1188 پوائنٹس کا اضافہ

اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان، انڈیکس میں 1188 پوائنٹس کا اضافہ


پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان جاری ہے، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1188 پوائنٹس اضافے کے بعد 62 ہزار کی سطح بحال ہو گئی ہے۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1188 پوائنٹس یا 1.95 فیصد اضافے کے بعد 62 ہزار 52 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 60 ہزار 863 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

ایک موقع پر دوپہر تقریباً ایک بج کر 24 منٹ پر انڈیکس 1708 پوائنٹس یا 2.8 فیصد اضافے کے بعد 62 ہزار 572 کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز انڈیکس میں 1692 پوائنٹس اضافے کے بعد 60 ہزار کی حد بحال ہو گئی تھی جبکہ اس سے ایک روز قبل ریکارڈ 2534 پوائنٹس کمی ہوئی تھی۔

اسٹاک بروکر ظفر موتی والا نے بتایا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی کو سیاسی عدم استحکام سے جوڑ دیا۔

اسٹاک بروکر ظفر موتی والا نے امید ظاہر کی تھی کہ آئندہ سال جنوری میں اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل دوبارہ قائم ہوسکے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کے پہلے روز (18 دسمبر) کے ایس ای-100انڈیکس میں 925 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی، جبکہ گزشتہ ہفتے انڈیکس 4,425 تنزلی بعد 62 ہزار کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا تھا، جب کہ آغاز پر یہ 66 ہزار 130 پوائنٹس کی بُلند سطح پر تھا۔

گزشتہ چند ماہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری ہے، 3 نومبر کو ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا، جبکہ 10 دسمبر کو کے ایس ای-100 انڈیکس پہلے 65 ہزار اور بعد ازاں تاریخ میں پہلی بار 66 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

7 دسمبر کو پی ایس ایکس بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 800 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 64 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

6 دسمبر کو بھی پی ایس ایکس میں تاریخی سنگ میل عبور کرنے کا سلسلہ جاری رہا، اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 63 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

اس سے قبل 4 دسمبر کو 100 انڈیکس 802 پوائنٹس یا 1.3 فیصد اضافے کے بعد 62 ہزار 493 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں