آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرکے قوم کے درمیان ڈراریں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے کرسمس کی تقریبات میں شرکت کے لیے کرائسٹ چرچ راولپنڈی کا دورہ کیا اور مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس تقریبات میں شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اس موقع پر چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیر مقدم کیا اور تہوار میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے پاکستان میں مقیم تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے مذہبی برادری کےلیے احترام کا اظہار کیا، سپہ سالار نے کہا کہ ترقی پسند پاکستان کے لیے قائدکےحقیقی وژن پر عمل کرنےکی ضرورت ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف نے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
سپہ سالار نے کہا کہ اسلام ہمیں محبت اور دوستی کا سبق سکھاتا ہے، اسلام بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرکے ڈراریں ڈالنے پر تلےہیں، مضبوط، پرعزم قوم کےطور پر ابھرنےکے لیے متحد اور یکجان ہونا ہوگا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف نے پاکستان کی مسیحی رادری کی خدمات،قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی آج کرسمس کا تہوار منا رہے ہیں، بیت اللحم میں کرسمس کی تقریبات منسوخ کردی گئیں۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق عیسائت کے مرکز ویٹی کن سٹی میں خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے تقریب میں شرکت کی اور خصوصی دعا کرائی۔
پوپ فرانسس نے غزہ میں حملے بند کرنے اور کرسمس سادگی سے منانے کی اپیل کی۔
فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں حضرت عیسیٰ کی جائے پیدائش بیت اللحم میں کرسمس کی تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔