پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و موسیقار شیراز اپل کا کہنا ہے کہ ’فنکاری‘ گانا میں نے لکھا تھا، میرے پاس سارے ثبوت موجود ہیں۔
شیراز اپل نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے رواں سال ریلیز ہونے والے نئے گانے’فنکاری‘ سے متعلق گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ ہونے والے تنازع کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ ایک فنکاری تھی جو میرے ساتھ کی گئی تھی لیکن میں نے بھی معاملہ حل کروالیا کیونکہ بہت سے مشہور گلوکاروں کے مشہور گانوں کی موسیقی تخلیق کرنے کے بعد اب اپنے کیریئر کی جس اسٹیج پر اس وقت موجود ہوں وہاں اب مجھ سے یہ بات برداشت نہیں ہوتی کہ کوئی بھی کسی کا کریڈٹ کھا جائے اور ہماری انڈسٹری میں لوگ کریڈٹ کھانےکے بہت ماہر ہیں۔
گلوکار نے کہا کہ میں انڈسٹری میں نئے آنے والے لوگوں کے لیے ایک مثال قائم کرنا چاہتا تھا کیونکہ جو نئے لوگ ہیں وہ اپنے حق کے لیے آواز نہیں اُٹھا سکتے کیونکہ ان کو ڈر ہوتا ہے کہ پھر مستقبل میں اُنہیں مزید کام حاصل کرنے میں دشواری ہوگی لیکن میں الحمد للّٰہ اس پوزیشن میں ہوں کہ اپنے حق کے لیے بول سکوں تو اس لیے میں نے آئمہ بیگ کو جواب دیا تاکہ جو نئے لوگ آ رہے ہیں ان میں بھی اپنے حق کے لیے آواز اُٹھانے کے لیے اعتماد آئے۔
اُنہوں نے کہا کہ آئمہ مجھ سے اس بات پر بحث کر رہی تھیں کہ ’فنکاری‘ گانا، شکیل سہیل جوکہ میرے قریبی دوست تھے اُنہوں نے لکھا ہے۔
شیراز اپل نے بتایا کہ میں نے آئمہ کو یہ بات واضح کی کہ شکیل سہیل جون 2020ء میں انتقال کرگئے تھے اور میں نے’فنکاری‘ گانے کی شاعری نومبر 2020ء میں لکھی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر ’فنکاری‘ گانا شکیل سہیل نے لکھا ہوتا تو وہ میرے بڑے اچھے دوست تھے میں ان کا کریڈٹ کبھی بھی نہیں کھاتا لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ گانا ان کے انتقال کے 6 ماہ بعد میں نے لکھا ہے۔
گلوکار نے کہا کہ میرے پاس سارے ثبوت ہیں جوکہ میں نے آئمہ کو دکھائے تو اُنہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔
واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں ریلیز ہونے والے اپنے نئے گانے’فنکاری‘ کے بارے میں گلوکارہ آئمہ بیگ نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ گانا اُنہوں نے گلوکار سہیل شکیل کے ساتھ مل کر لکھا ہے۔
بعد ازاں معروف گلوکار و موسیقار شیراز اپل نے آئمہ بیگ کے دعوے کو غلط قرار دیا اور کہا کہ یہ گانا انہوں نے سہیل شکیل کےانتقال کے 6 ماہ بعد اکیلے لکھا ہے۔
شیراز اپل کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد اس تنازع نے طول پکڑلیا اور پھر کچھ عرصے بعد جب آئمہ بیگ نے اپنی غلطی تسلیم کرلی تو حل ہوا۔