بالی ووڈ کے سینئر اداکار سریش اوبرائے نے نیتو کپور سے انکے بیٹے رنبیر کپور کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ رنبیر بہت اچھی اور حیرت انگیز شخصیت کے مالک ہیں۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم اینیمل میں سریش اوبرائے رنبیر کپور کے کردار کے دادا کا کردار کرتے نظر آئے ہیں۔
ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا کی اس فلم نے جہاں باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھے وہیں رنبیر کپور کے حسن اخلاق کو بھی بہت سارے اداکاروں نے سراہا۔
ان ہی میں اداکار ویوک اوبرائے کے والد 77 سالہ سریش اوبرائے بھی شامل ہیں جو سن 1980 اور 1990 کے عشرے کی فلموں میں کریکٹر ایکٹرز کے رول کیا کرتے تھے۔
بھارتی میڈیا سے ایک حالیہ انٹرویو میں سریش اوبرائے نے کہا کہ فلم میں کام کے بعد میں نے رنبیر کپور کی والدہ نیتو کپور سے میسیجنگ پر رابطہ کیا اور رنبیر کی خوش اخلاقی اور مہذبانہ انداز کی تعریف کی تھی۔
سریش اوبرئے نے انٹرویو کے دوران رنبیر کے ساتھ اپنے کام کے تجربے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بہت اچھا رہا وہ بہت حیرت انگیز شخصیت کے مالک ہیں، اس کے ساتھ ساتھ انکا رویہ بھی مثالی تھا۔
سریش اوبرائے نے کہا کہ رشی کپور اور نیتو نے رنبیر کپور کی بہت اچھی تربیت کی ہے، اسی لیے میں نے نیتو کپور کو میسیج کرکے کہا “آپ نے اپنے بیٹے کو اعلیٰ اخلاقی قدروں سے ہم آہنگ کیا ہے۔”