نامور اداکار ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی بیٹی ارادھیا بچن کی اداکاری کے سوشل میڈیا پر چرچے ہونا شروع ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دیروبھائی امبانی انٹرنیشنل اسکول کے ایک سالانہ ایونٹ کے دوران امیتابھ بچن کی پوتی نے زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
اسی ایونٹ کے دوران شاہ رخ خان کے چھوٹے بیٹے ابرام خان نے بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
مذکورہ ایونٹ کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو صارفین نے بھی ان بچوں کی پرفارمنس کو خوب سراہا۔
سوشل میڈیا صارفین نے ارادھیا بچن کی اداکاری کو حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم دی آرچیز میں اداکاری کرنے والے اسٹار کِڈز سے بہتر قرار دیا۔
واضح رہے کہ دی آرچیز میں شاہ رخ خان کی بیٹی، امیتابھ بچن کے نواسے اور سری دیوی کی بیٹی نے بھی اداکاری کی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ارادھیا بچن کی اداکاری سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دی آرچیز کے تمام بچوں کو ایشوریا کی بیٹی کی اداکاری دیکھ کر شرمندگی ہونی چاہیے۔
ایک صارف نے تحریر کیا کہ ’اداکاری اپنے عروج پر ہے، مجھے افسوس کیساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ دوسرے تمام اسٹار کڈز کو اس سے نوٹس لینے چاہئیں۔‘
سوشل میڈیا پر ایک اور صارف نے تحریر کیا کہ اس میں ارادھیا نے دی آرچیز کی پوری کاسٹ سے بہتر اداکاری کی۔
ایک اور صارف نے اس کا خلاصہ یوں کیا کہ ’آرچیز سے شروعات کرنے والوں کی کارکردگی جو سامنے آئی ہے یہ (ارادھیا) اس سے میلوں بہتر ہے۔‘
یہی نہیں بلکہ امیتابھ بچن بھی اپنی پوتی کی اداکاری پر انہیں داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر امیتابھ نے یوں تحریر کیا ’اولاد کی کامیابیوں پر فخر اور خوشی۔‘