نگران وزیر اعظم امارات کے بعد آج دو روزہ دورے پر کویت روانہ ہوں گے

نگران وزیر اعظم امارات کے بعد آج دو روزہ دورے پر کویت روانہ ہوں گے


نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ متحدہ عرب امارات کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آج کویت کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الجابر الصباح اور کویت کے وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اپنے دورے کے دوران انوار الحق کاکڑ افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات کی تلاش، خوراک کی حفاظت، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 2023 کو پاکستان اور کویت کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منائی گئی۔

وزیراعظم کا قومی ہیروز کی یادگار اور شیخ زید مسجد کا دورہ

اس سے قبل آج، وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ابوظبی میں تاریخی مقام مقام وحت الکرامہ کا دورہ کیا اور متحدہ عرب امارات کے قومی ہیروز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم کا پریزیڈنٹ کورٹ میں شہدا کے خاندانوں کے امور کے دفتر کے چیئرمین شیخ طیب بن محمد بن زید النہیان نے استقبال کیا۔

وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، یہ یادگار متحدہ عرب امارات کی قیادت، عوام اور بہادر فوجیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے اور 31 پینلز پر مشتمل ہے، وزیراعظم نے وحت الکرامہ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہیں یادگار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دورے کے اختتام پر انوار الحق کاکڑ نے مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے بہادر شہدا کے لیے تعریفی کلمات تحریر کیے۔

بعد ازاں انوار الحق کاکڑ نے ابوظہبی میں شیخ زید گرینڈ مسجد کا دورہ بھی کیا۔

بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ شیخ زید مسجد کا عظیم پیغام بقائے باہمی، رواداری اور دیگر ثقافتوں کے لیے کشادہ دلی کے تصورات کو اجاگر کرتا ہے، یہ پیغام متحدہ عرب امارات کے بانی کی شاندار میراث سے متاثر ہے، وزیر اعظم کو اسلامی ثقافت کے حقیقی جوہر کو اجاگر کرنے میں مسجد کے اہم کردار کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان متعدد شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اس سے قبل پیر پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کیے جو مشرق وسطیٰ کی ریاست سے اربوں ڈالرز کی فنڈنگ راہیں ہموار کرے گی۔

مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کے بعد وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں اور چیف آف آرمی اسٹاف کے سامنے توانائی، بندرگاہ کے آپریشن، گندے پانی کی صفائی، خوراک کی حفاظت، لاجسٹکس، معدنیات، اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون سے متعلق مفاہمت یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق مفاہمتی یادداشتیں متحدہ عرب امارات سے پاکستان میں کئی ارب ڈالر سرمایہ کاری کو راہیں کھولیں گی اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت مختلف منصوبوں کو پورا کرنے میں مدد کریں گے۔

وزیراعظم نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کو ایک تاریخی واقعہ قرار دیا جو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی شراکت داری کے نئے باب کا آغاز کریں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں